ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر عوام کی زندگیوں میں آسانی لائیں گے، مریم اورنگزیب

لاہور (اْآن لائن) پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات کے لیے پارٹی کے منشور تیاری کے آخری مراحل میں ہے، ہم نے صرف وعدے نہیں کرنے بلکہ اپنی روایت اور تاریخ کے مطابق وعدے، منصوبے اور ترقی کے اہداف حاصل کرنے کا پلان دیں گے اور ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر عوام کی زندگیوں میں آسانی لائیں گے، مسلم لیگ ن نے ہمیشہ وعدے پورے کیے ہیں اب پھر کریں گے۔اپنے ایک بیان مین ترجمان ن لیگ کا کہنا تھا کہ ہمارا انتخابی منشور ہمیشہ کی طرح جامع، قابل عمل اور پاکستان کے مسائل کا حل ثابت ہوگا، منشور میں ن لیگ کی روایت کے مطابق معاشی بحالی وخود انحصاری اور مہنگائی سے عوام کو نجات دلانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، یہ منشور اب تیاری کے آخری مراحل میں ہے، جس میں ہم نے صرف وعدے نہیں کرنے بلکہ اپنی روایت اور تاریخ کے مطابق وعدے، منصوبے اور ترقی کے اہداف حاصل کرنے کا پلان دیں گے۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کا منشور تمام طبقات اور ماہرین کی تجاویز کی روشنی میں تیار کیا جا رہا ہے، آئینی کی بالادستی، قانون کی حکمرانی کے لئے اصلاحات، انتظامی امور میں بہتری، گڈ گورننس پر سفارشات مرتب کی جا رہی ہیں، نظام عدل کی اصلاح اولین ہدف ہے تاکہ شہریوں کے حقوق، سستے اور فوری انصاف کی فراہمی یقینی ہو، خارجہ تعلقات کا فروغ، امن کا قیام، قومی دفاع کو مزید مضبوط بنانا منشور کے اہم نکات میں شامل ہیں۔مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ انتخابی منشور میں بیوروکریسی، سول سروسز اور امور سرکار کو شفاف، فعال اور آسان بنانے کی تجاویز مرتب کی جا رہی ہیں، ایندھن، ٹرانسپورٹ کیمسائل کا حل، وفاق اور صوبوں کے درمیان وسائل کی منصفانہ تقسیم پر بھی منشور میں سفارشات شامل ہوں گی، میڈیا، فلم، ٹی وی، تاریخ و ادب، ثقافت، سیاحت کے فروغ کیلئے پالیسی گائیڈ لائن منشور میں شامل ہوگی۔ موسمیاتی تبدیلیوں، بڑھتی آبادی پر قابو، صحت و غذا کا تحفظ منشور کے نکات میں شامل ہیں، نوجوانوں کی تعلیم، وظائف اور لیپ ٹاپ کی فراہمی، ہنرمندی اور روزگار کے لئے فوری قابل عمل تجاویز تیار کی جا رہی ہیں، کسانوں، محنت کشوں، مزدوروں، کمزور طبقات اور اقلیتوں کے معاشی، سماجی حقوق کے تحفظ کے لئے ٹھوس پالیسیاں منشور میں شامل ہوں گی، کھیلوں کا فروغ، نئے میدانوں اور اسپورٹس کمپلیکسز کی تیاری، خصوصی افراد کے لئے اقدامات بھی منشور کا حصہ ہوں گے، خواتین اور بچوں کے حقوق کے تحفظ اور فروغ کے لئے پالیسی اقدامات منشور میں شامل ہوں گے۔