اسلام آبا د(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ چیئرمین عمران خان کی سلامتی، سیکیورٹی اور ماضی میں ان کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کی سرکاری کوششیں کسی سے پوشیدہ نہیں، عمران خان کی سلامتی اور سکیورٹی اوّلین ترجیح اور سب سے اہم ہیں، ترجمان تحریک انصاف کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ ملک بھر سے لاکھوں کارکنان اپنے محبوب قائد کے استقبال کیلئے عدالت جانا چاہتے ہیں،خیبرپختونخوا میں بدترین سرکاری مداخلت اور پرتشدد ہتھکنڈوں کے باوجود نہایت جرات و بہادری سے والہانہ نکلتے عوام عمران خان کی مقبولیت اور ان سے قوم کے گہرے تعلق کی واضح نشانیاں ہیں، پنجاب اور اسلام آباد پولیس، مقامی انتظامیہ اور وفاقی و صوبائی نگران حکومتوں سے چیئرمین عمران خان کی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہیں،جبر و فسطائیت اور شر اور شرارت کی راہ پر گامزن حکمران 9 مئی کی طرز پر کسی نئے فالس فلیگ آپریشن کی تلاش میں ہیں، لاقانونیّت کی راہ پر چلتی دستور سے منحرف سرکار انتشار کی آڑ میں انتخاب سے فرار کی تاک میں ہے،شرپسندوں کو انتخاب سے بھاگنے کا ادنیٰ سا جواز بھی فراہم نہیں کریں گے اور انتخاب کے دستوری، جمہوری اور قانونی راستے سے عوام کے ساتھ مل کر ظلم و بربریت کے راج کو دفن کریں گے،ظلم پر انصاف غالب آئے گا اور جلد ان شاء اللہ پوری قوم اپنے محبوب قائد کا تاریخی استقبال کرے گی.
Load/Hide Comments



