ایم کیو ایم حقیقی جمہوریت بحال کرنے کی کوشش کی،ڈاکٹر فاروق ستار

کراچی(آن لائن)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینر ڈاکٹر فاروق ستار نے کورنگی یو سی 26 میں عمران میو ایڈوکیٹ کے آفس کا افتتاح کیا۔اس موقع پر عوام کو کورنگی جلسے کی دعوت دی اور کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم ملک کی واحد نمائندہ جماعت ہے جس نے ہمیشہ غریب و متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے افراد کو ایوانوں میں بھیج کر حقیقی جمہوریت کو بحال کرنے کی کوشش کی ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ مملکت خداداد میں مکمل جمہوریت قائم ہو جہاں کسی کو کسی پر فوقیت نہیں ہو سب برابر کے تصور کئے جائیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ آج ایم کیو ایم سے گئے ہیں ماضی میں انہی لوگوں کی وجہ سے ایم کیو ایم کا نام خراب ہو رہا تھا جب ہم نے ان سے سوالات کرے تو وہ دوسری جماعتوں میں چلے گئے لیکن اچھا ہوا آج کی ایم کیو ایم پہلے سے زیادہ مضبوط اور مستحکم ہو کر اپنے عوام کے درمیان موجود ہے۔ڈاکٹر فاروق ستار کا مزید کہنا تھا کہ آنے والے عام انتخابات میں ہمارا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں بلکہ اگر ہمارا مقابلہ ہے تو وہ ہم سے جو ماضی میں غلطیاں ہوئیں ہیں جو ہمارے نادان دوستوں نے حماقتیں کی ہیں ہمارا اس سے مقابلہ ہے اور عام انتخابات میں کامیابی کے بعد ہم اپنی عوام کے درمیان ہوں گے اور ماضی کی غلطیوں کو نہیں دہرائیں گے۔