امریکی سفیر کی جیل میں عمران خان سے ملاقات

واشنگٹن (آن لائن) اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم عمران خان سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی ملاقات پر پہلی بار وائیٹ ۔ وائٹ کا موقف بھی سامنے آگیا۔ ملاقات کی تصدیق یا تردید کرنے کے لئے سفارتخانہ سے رجوع کرنے کا مشورہ دے ڈالا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر سے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ایک صحافی نے پاکستان میں امریکی سفیر کی اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ملاقات سے متعلق سوال پوچھا۔ جس پر میتھیو ملر نے جواب دیا کہ کسی بھی سفیر کی ایسی ملاقات سے متعلق جاننے کے لیے میں تجویز کروں گا کہ آپ سفارت خانے سے رجوع کریں۔ وہ زیادہ درست معلومات دے سکتے ہیں۔ اس موقع پر ترجمان امریکی وزارت خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ امریکا پہلے بھی کئی بار واضح کر چکا ہیکہ پاکستان میں سیاسی عہدہ کے لیے کسی ایک امیدوار کی حمایت کے لیے کمر بستہ نہیں۔ترجمان میتھیو ملر نے مزید کہا کہ امریکا ہمیشہ سے پاکستان سمیت کسی بھی ملک میں سیاسی مداخلت یا کسی ایک خاص امیدوار کے لیے پوزیشن لینے کے پالیسی نہیں رکھتا۔