قائد ن لیگ میاں محمد نواز شریف سے امریکی سفیر ڈونلڈ بلو م کی جاتی امراء میں ملاقات

لاہور (آن لائن) پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلد بلوم نے مسلم لیگ ن کے قائد میاں محمد نواز شریف سے جاتی امراء لاہور میں ملاقات کی ہے۔ ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے امور،معیشت، تجارت،عام انتخابات کی تیاریوں، موسمیاتی تبدیلی، سیکورٹی اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ن لیگ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق نواز شریف نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔قائد مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ تمام امریکی رہنما پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہیں۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنما ؤں نے پاکستان کی سیاسی و معاشی صورتحال خاص طور پر عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ آج ملک کو درپیش لاتعداد مسائل اور بحرانوں سے نکلنے میں پاکستان کے عوام ایک بار پھر پاکستان مسلم لیگ (ن) کو قائدانہ کردار دے کر اپنابھرپور اعتماد کریں گے۔دونوں رہنما ؤں نے پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون پر گفتگو کی۔ رہنما ؤ ں نے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان پختہ اور مستحکم شراکت داری کی اہمیت کا اعتراف کیا۔ انہوں نے تعاون کے نئے امکانات کی تلاش اوران کامیابیوں پر تعلقات کی مزید استواری کی اہمیت تسلیم کی جو امریکہ اور پاکستان دوطرفہ مضبوط اور فعال تعلقات سے عبارت رہے ہیں۔امریکی سفیر اور محمد نوازشریف نے تجارت، معیشت، موسمیاتی تغیر، سلامتی اور علاقائی استحکام سمیت دوطرفہ دلچسپی کے مختلف موضوعات پر بات چیت کی۔ محمد نوازشریف نے اسرائیلی بلاامتیاز بمباری کے نتیجے میں بے گناہ فلسطینیوں کیبے رحمانہ شہادتوں کے مسئلے کو اجاگر کیا اور غزہ میں فوری جنگ بندی پر زور دیا۔ انہوں نے لڑائی اور ہلاکتوں کا سلسلہ فوری روکنے کا مطالبہ کیا اور متاثرہ عوام کو فی الفور طبی اورانسانی امداد کی فراہمی پر زور دیا۔ امریکی سفیر نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد کے ساتھ امریکی ترجیحات پر بات کی اور ملاقات کے دوران خوشگوار اور کھلے انداز میں گفتگو پر محمد نوازشریف کا شکریہ ادا کیا۔