کراچی (آن لائن) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے کراچی والوں کے سامنے تعصب، نفرت اور تفریق کی سیاست کرنے والوں کا پردہ چاک کر دیا ہے، کام کرنے سے تبدیلی آتی ہے، ہمیں اضافی مراعات نہیں مل رہیں، کراچی کے ساتوں اضلاع اور تمام پچیس ٹاؤنز میں کام ہورہا ہے، آئندہ دس روز میں 32سڑکوں کا افتتاح کریں گے، بہتری اور ترقی کا سفر جاری رہے گا، روشنیوں کے شہر کی روشنی اور رونقوں کو ہر قیمت پر بحال کریں گے، ہم لوگوں کو اوپن فیلڈ دینے کے قائل ہیں، شفاف طریقے سے انتخابات ہوں تو معاملات بہتر ہوں گے، سی پیک کا خالق آصف زرداری ہے جو کام کی بنیاد پر لوگوں کے پاس جاتا ہے، عوام خود فیصلہ کرے کون ان کے لیے بہتر ہے، ماضی کے کردار کو دیکھنا چاہیے جن سے غلطیاں ہوئی ہیں وہ ان کا مداوا کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز بلاک14گلبرگ ٹاؤن میں اقبال پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد، پیپلز پارٹی ضلع وسطی کے صدر مسرور احسن، جنرل سیکریٹری دل محمد، سیف یار خان، شہزاد مجید اور دیگر منتخب نمائندے اور کارکنان بھی موجود تھے، قبل ازیں میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ڈپٹی میئر کراچی کے ہمراہ فیڈرل بی ایریا ضلع وسطی میں کراچی میگا پروجیکٹ کے تحت تقریباً 5ایکڑ رقبے پر تعمیر کیے جانے والے اقبال پارک کا افتتاح کیا، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہم نے کراچی کی مختلف جگہوں پر پارک بنائے ہیں،ضلع وسطی میں تعمیر کیے گئے اس پارک میں 3ایکڑ پر کرکٹ اور فٹ بال گراؤنڈ سمیت واکنگ ٹریک اور پارکنگ ایریا بھی بنایا گیا ہے، اس پارک کا سنگ بنیاد ہم نے اسی سال جون کے آخر میں رکھا تھا اور آج اس کا افتتاح کر دیا ہے، یہ منصوبہ کراچی میں شہری خدمات کی فراہمی کا حصہ ہے، ہم نے کوشش کی ہے کہ یہاں کے مکینوں کو تفریح اور کھیل کی معیاری سہولیات فراہم کی جائیں، یہ پارک یہاں کے لوگوں کا اثاثہ ہے جسے برقرار رکھنے کے لیے آپ کو ہمارا ساتھ دینا ہوگا، انہوں نے کہا کہ یہ پروجیکٹ اس حقیقت کی غمازی کرتا ہے کہ ہم بلاتفریق پورے شہر میں ترقیاتی کام کرارہے ہیں، نارتھ ناظم آباد میں بختیاری یوتھ سینٹر کو تیزی سے تعمیر کیا جا رہا ہے اور مینا بازار کریم آباد پر انڈر پاس بنا رہے ہیں، ہم لوگ روز نکلتے ہیں اور کسی نہ کسی جگہ کام کرتے ہیں، اس ٹاؤن میں جماعت اسلامی جیتی تھی اگر وہ چاہتے تو کام کرسکتے تھے مگر ان کا مقصد عوام کے حقوق کے لیے لڑنے کے بجائے کچھ اور ہے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی میں کچرے کو اٹھانے کا مسئلہ تھا جسے حل کر کے صورتحال کو بہتر بنا دیا گیا ہے، اسٹریٹ لائٹس کو بحال رکھنیکے لیے سولر سسٹم اپنا رہے ہیں، فروری او رمارچ میں واضح تبدیلی نظر آئے گی، ملیر میں سڑکوں اور اسٹار گراؤنڈ کی تعمیر سے شہریوں کو سہولت ملے گی، یہ شہریوں کے لیے ہمارا تحفہ نہیں بلکہ ذمہ داری ہے، انہوں نے کہا کہ گلستان جوہر سے کنٹونمنٹ بورڈ ٹیکس وصول کرتا ہے مگر وہاں بھی ہم کام کررہے ہیں، ضیا ء محی الدین فلائی اوور، شہدائے فلسطین انڈر پاس، سروس لین اور دیگر سہولیات فراہم کی ہیں، انہوں نے کہا کہ 1970میں منتخب لوگ ایک طرف تھے اور بھٹو دوسری طرف، مگر عوام کی جیت ہوئی، منتخب نمائندوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ شہریوں کو ریلیف فراہم کریں، یہ شہر برآمدات کا اہم مرکز ہے اس کے انفراسٹرکچر کو بہتر ہونا چاہیے، ہم نے صوبوں کو NFCمیں سے ان کا حصہ دیا اور زرعی شعبے کو فروغ دیا، سیلابی پانی کی نکاسی کو یقینی بنایا اور گندم کی کاشت کا انتظام کیا، گیس پر اس صوبے کا حق ہے جہاں وہ پیدا ہوتی ہے، ایک سوال کے جواب میں میئر کراچی نے کہا کہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے سرکاری اداروں پر 52ارب روپے کے واجبات ہیں جس میں اسٹیل مل کے واجبات سب سے زیادہ ہیں، کراچی میں فقط سواچار لاکھ صارفین پانی کا بل ادا کرتے ہیں، ہمیں اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کرنا ہوگا، تبھی بنیادی خدمات کی فراہمی بہتر ہوگی.
Load/Hide Comments



