نا اہلوں نے ملک کے75سال ضائع کیے، مزید تاخیر کی گنجائش نہیں:عبدالعلیم خان

لاہور (آن لائن) استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ نا اہلوں نے ملک وقوم کے75سال ضائع کیے لیکن اب مسائل کے پائیدار حل میں مزید تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں۔ بیروزگاری اورمہنگائی سمیت شہری علاقوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں،ان شاء اللہ انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ مزیدکہا کہ انتخابی میدان پنجاب میں ہی سجے گا، عوامی رابطہ مہم تیز کی جائے گی جس کیلئے لاہور ڈویژن پر خصوصی توجہ ہوگی۔ انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی کہ وہ عام آدمی کو پارٹی کے منشور سے آگاہ کریں اور انتخابات کی ہنگامی بنیادوں پر تیار ی کریں کیونکہ ملک کو ابھی نہیں تو کبھی نہیں جیسی صورتحال درپیش ہے لیکن امید ہے انشاء اللہ8فروری کو عوام درست فیصلہ کریں گے اور استحکام پاکستان پارٹی کی کامیابی کا سورج طلوع ہوگا۔ان خیالات کا اظہار استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے سوموار کے روز اپر مال پرآئی پی پی لاہور ڈویژن کے پارٹی آفس کے دورے کے موقع پر عہدیداران میں نوٹیفکیشن تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ میاں خالد محمود نے تنظیمی ڈھانچے پر بریفنگ دی۔آئی پی پییوتھ ونگ ڈسٹرکٹ شیخوپورہ اور سٹی کیلئے صدور کا تقرر، ٹریڈرز اور مینارٹی ونگز کیلئے بھی نامزدگیاں کر دی گئیں۔ رانا عبدالمناف خان آئی پی پی لاہور ڈویژن کے سینئر نائب صدر جبکہ لائیرز ونگ شیخوپورہ کے صدر ہوں گے۔اسی طرح ہارون عمران گل استحکام پاکستان پارٹی لاہور ڈویژن مینارٹی ونگ کے صدر،شہباز مغل جنرل سیکرٹری اور شریف مسیح نائب صدر ہوں گے۔آئی پی پی ڈسٹرکٹ شیخوپورہ کیلئے چوہدری محمد اقبال گوپائیرا صدر، حافظ معظم علی عرف مٹھو گجر جنرل سیکرٹری ہوں گے جبکہ میاں تیمور خالد یوتھ ونگ کے صدر ہوں گے۔مرزا محمد بیگ کو آئی پی پی شیخوپورہ سٹی کا صدر نامزد کر دیا گیا ہے،میاں ہارون خالد جنرل سیکرٹری، محمد ریاض چوہدری،ڈاکٹر سرفراز گڈی اور محمد افضال بسرا سینئر نائب صدور ہوں گے جبکہ رانا محمد جمیل گڈی ٹریڈرز ونگ اور رانا جمشید علی یوتھ ونگ شیخوپورہ سٹی کے صدر ہوں گے۔ ملک حبیب سلطان کھوکھر ایڈووکیٹ تحصیل شیخوپورہ کے صدر جبکہ عمران امین ایڈووکیٹ جنرل سیکرٹری ہوں گے۔استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے تمام عہدیداروں میں نوٹیفکیشن تقسیم کرتے ہوئے انہیں نیک خواہشات کے ساتھ مبارکباد پیش کی اور اپنے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا.