محمود خان، اکرم درانی کا منتخب کردہ نگراں وزیراعلی قبول نہیں ہو گا: تحر یک انصاف

پشاور(آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ظاہر شاہ طورو کا کہنا ہے کہ محمود خان اور اکرم درانی کا منتخب کردہ نگراں وزیراعلی کسی صورت قبول نہیں ہو گا۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ محمود خان وزیراعلی ہے نہ اکرم درانی اپوزیشن لیڈر ہیں، انہوں نے نگراں وزیراعلی کا انتخاب کیا تو عدالت جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ گورنر خیبر پختونخوا نے کس قانون کے تحت محمود خان اور اکرم درانی کو خط لکھا ہے، یہ معاملہ آئینی طریقے کے تحت حل کیا جائے، گورنر اپنے فارمولے نہ بنائیں۔ظاہر شاہ طورو کا کہنا ہے کہ گورنر غلام علی، محمود خان اور اکرم درانی کا منتخب نگراں وزیراعلی سیاسی ہی ہو گا، ان کے منتخب کردہ نگراں وزیراعلی سے لیول پلیئنگ فیلڈ کی توقع نہیں ہے۔قبل ازیں ایک بیان میں اکرم درانی نے کہا کہ پوری تیاری کے ساتھ نگراں وزیراعلی کی تقرری پر بات کروں گا، محمود خان کو بھی راضی کرلوں گا میری بات سے کوئی انکار نہیں کرتا۔ان کا کہنا ہے کہ نگراں وزیراعلی کے لیے متوقع نام سیاست دان اور بیوروکریٹ کے ہوسکتے ہیں، کوئی اعظم خان کے کردار پر انگلی نہیں اٹھا سکا، ان کا چناو اس لیے کیا تھا کہ وہ نیک انسان تھے۔