غزہ میں صحت کا نظام تباہ، عالمی ادارہ صحت نے بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ظاہر کردیا

نیو یارک (آن لائن) عالمی ادارہ برائے صحت نے غزہ میں بیماریاں پھیلنے کا خدشہ ظاہر کردیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق غزہ کی پٹی پر اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے فلسطینیوں میں بیماریاں پھیلنے کا سنگین خطرہ ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈبلیو ایچ او کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی بمباری کی وجہ سے صحت کا نظام تباہ ہوگیا ہے، پناہ کیلئے نہ کوئی چھت ہے اور نہ ہی فلسطینیوں کیلئے صاف پانی تک رسائی ممکن ہے جس وجہ سے مختلف انفیکشن پھیلنے کا خطرہ ہے جس میں پیٹ کی خرابی جیسے مسائل شامل ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہیکہ اکتوبر کے وسط سے ڈائیریا کے 33ہزار551 سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، یہ کیسز زیادہ تر 5 سال سے کم عمر کے بچوں میں دیکھے گئے ہیں۔ڈبلیو ایچ و کے مطابق متاثرہ بچوں کی تعداد میں 2021 اور 2022 کے دوران ماہانہ اوسطاً 2 ہزار کیسز کے مقابلے میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی جارحیت کی وجہ سے کھانا، پانی اور ادویات کی بہت کم ترسیل ہوئی ہے۔دوسری جانب اقوام متحدہ نے کہا ہیکہ غزہ میں صحت، نکاسی آب، صاف پانی اور خوراک جیسی بنیادی سہولیات دستیاب نہیں اور مکمل نظام منہدم ہونے کے قریب ہے۔