سموگ کے تدارک کیلئے کریک ڈاون میں تیزی

لاہور(آن لائن) پنجاب میں سموگ کے تدارک کیلئے کریک ڈاون میں تیزی آچکی ہے، اس دوران سیف سٹی کیمروں کے ذریعے دھواں چھوڑتی درجنوں گاڑیاں پکڑی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے کیمروں کے ذریعے لاہور میں ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی درجنوں گاڑیوں کو سیل کردیا، ترجمان پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے بتایا کہ صوبے میں انسداد سموگ کے حوالے آپریشن جاری ہے جہاں داخلی و خارجی راستوں اور اہم شاہراہوں پر مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، اس کے علاوہ کوڑے کو آگ لگانے والے افراد اور دیگر گندگی پھیلانے والی گاڑیوں کے خلاف بھی کارروائیاں جاری ہیں، سموگ کی آفت سے نجات کے لئے شہری بھی اپنا کردار ادا کریں۔بتایا جارہا ہے کہ پنجاب حکومت نے 7 شہروں میں 4 دن کے لاک ڈاون کا نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا ہے، حکومت نے اعلان کیا ہے کہ سموگ کی صورتحال خطرناک شکل اختیار کر جانے پر رواں ہفتے جمعرات سے اتوار تک صوبے کے 7 شہروں میں کاروبار، دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے، اس حوالے سے صوبائی محکمہ صحت نے باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کر دیا، جس کے تحت لاہور، گوجرانوالہ، قصور، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، ناروال اور حافظ آباد میں 10 نومبر بروز جمعہ کو بھی عام تعطیل ہوگی۔معلوم ہوا ہے کہ ان شہروں میں 9 نومبر بروز جمعرات سے 12 نومبر بروز اتوار تک لاک ڈاون نافذ ہوگا، لاک ڈاون کے دوران کاروبار بشمول ریسٹورنٹس، سینما، مارکیٹیں، دفاتر اور تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے بند رہیں گے، لاک ڈاون کے دوران بیکریاں اور میڈیکل اسٹورز کھلے رہیں گے، ریسٹورنٹس کے ٹیک اویز اور ہوم ڈلیوری کی بھی اجازت ہو گی۔ سموگ کے حوالے سے این ڈی ایم اے کی ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ آئندہ ہفتے وسطی اور جنوبی پنجاب میں سموگ خطرناک حد تک پھیلنے کا خدشہ ہے، گوجرانوالہ، ملتان، لاہور، بہاولپور، فیصل آباد میں اسموگ خطرناک حد تک جانے کا امکان ہے، سرگودھا، ڈی جی خان اور ساہیوال بھی سموگ کی لپیٹ میں آسکتے ہیں، اسی طرح راولپنڈی میں بھی سموگ بڑھنے کا اندیشہ ہے، اس لیے شہری بیرونی سرگرمیوں کو محدود کریں، باہر جاتے وقت ماسک پہنیں، مقامی ہوا کے معیار کی سطح سے آگاہ رہیں اور نظام تنفس کو سموگ اثرات سے بچانے کیلئے پانی کا زیادہ استعمال کریں۔