اسلام آباد(آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر رہنما فرحت اللہ بابر نے ملک میں شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کا فوری اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ہے انہوں نے کہاکہ دھاندلی زدہ انتخابات کے نتیجے میں قائم ہونے والی حکومت عوام کی نمائندہ نہیں ہوگی ملک میں شفاف اور پر آمن انتخابات کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز کو مل کرکام کرنا ہوگا۔جمعہ کے روز پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما فرحت اللہ بابر نے چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کی جس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ انتخابات کی تاریخ دینا خوش آئند بات ہے تاہم یہ بہت بہتر ہوتا کہ انتخابات نوے روز کے اندر ہو جاتے انہوں نے کہاکہ الیکشن کمیشن فی الفور تمام سیاسی جماعتوں کا اجلاس بلائے ملک مین شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے تمام سیاسی پارٹیوں کو ایک پیج پر جمع کرنا ہو گا انہوں نے کہاکہ 2018 کے انتخابات میں ہم نے دیکھا کہ کئی سیاسی جماعتوں کو لیول پلئینگ فیلڈ نہیں ملی محض انتخابات کی تاریخ دینا مسئلے کا حل نہیں ہے بلکہ صاف شفاف اور آزادانہ انتخابات کا انعقاد ضروری ہے انہوں نے کہاکہ تمام سیاسی پارٹیوں کو لیول پلیئنگ فیلڈ ملنی چاہئے اگر سیاسی پارٹیوں کو لیول پلئینگ فیلڈ میسر نہیں ہوتی تو انتخابات مشکوک ہوں گے اور جو پارلیمان بنے گا وہ عوام کی نمائندگی نہیں کرے گا انہوں نے کہاکہ پر امن انتخابات کرانا بہت بڑی ذمہ داری ہے جو الیکشن کمیشن اکیلے نہیں کروا سکتا ہے اس حوالے سے تمام سیاسی پارٹیوں، سول سوسائٹی میڈیا اور اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا.
Load/Hide Comments



