نگران وزیر داخلہ کی تربت میں پولیس سٹیشن پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت

اسلام آ باد(آن لائن) نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے تربت میں پولیس سٹیشن پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے مزدوروں اور پولیس اہلکار کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ اللہ تعالیٰ ہمارے شہداء کے درجات بلند کرے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا کرے۔ وزیر داخلہ نے کہا دہشت گردوں نے ایک مرتبہ پھر معصوم مزدوروں کو نشانہ بنایا۔ تاہم دہشت گردوں کی یہ بزدلانہ کارروائیاں امن اور خوشحالی کو سبوتاڑ نہیں کرسکتیں۔ انہوں نے کہا دہشت گردی کا پہلے بھی مقابلہ کیا،اب بھی پوری قوت سے اس کا قلع قمع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ارض پاک پر موجود ایک ایک دہشت گرد اور ملک دشمن کا صفایا کیا جائیگا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پوری قوم یکسو ہے۔