لاہور (آن لائن) سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلامی دنیا کی قیادت عالمی برادری کے ساتھ مل کر فلسطینیوں کی نسل کشی روکے۔ اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ اسرائیلی جبر واستبداد اور ظلم کے نتیجے میں دوہرا انسانی المیہ جنم لے رہا ہے۔ فلسطین کربلا کا منظر پیش کر رہا ہے جہاں پانی اور خوراک بند ہے، بے گناہ بچے، خواتین اور شہری قاتلوں کے نرغے میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ بڑھتی بے حسی اور بے بسی دنیا کو سنگین نتائج کی طرف دھکیل رہی ہے۔انسانیت کو بچانے میں ناکامی دنیا کے امن کی ناکامی ہو گی۔ ایک ایک لمحے کی تاخیر کا نتیجہ بے گناہوں کی شہادتوں کی صورت نکل رہی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ محصور فلسطینیوں کے لئے امدادی قافلوں کو اجازت نہ ملنا عالمی اتھارٹی اور قانون کو مذاق بنا رہا ہے۔ فلسطینی بچوں کے آنسووں نے دنیا کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔مظلوموں کا لہو بہانے سے ناجائز ریاست کا وجود جائز نہیں ہو گا۔ جلد اس مسئلے کا حل نہ نکلا تو ناقابل تلافی نقصان ہو گا۔انہوں نے کہا کہ غزہ اور اسرائیلی حملوں سے متاثرہ فلسطینی علاقوں میں امدادی سامان بھجوانے کے لیے ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے.
Load/Hide Comments



