نواز شریف کا بیانیہ مہنگائی، لوڈشیڈنگ، بدحالی پر قابو پانا ہے: خواجہ آصف

سیالکوٹ (آن لائن)سابق وفاقی وزیر و مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے بانی، سابق وزیرِ اعظم محمد نواز شریف کا بیانیہ مہنگائی، لوڈ شیڈنگ اور بدحالی پر قابو پانا ہے۔پارٹی قائد کے استقبال کیلئے مسلم لیگ ن کے قافلے کی قیادت کرتے ہوئے سیالکوٹ سے لاہور روانہ ہو نے سے قبل میڈیا سے گفتگو میں خواجہ آصف نے کہا کہ لاہور جلسہ گاہ میں تو 2 روز سے ہی رونق نظر آ رہی تھی، میری 35 سال کے سیاسی کیریئر کا یہ بہت بڑا جلسہ ہو گا۔خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ذوالفقار بھٹو کی پھانسی کے بعد بھی آج پیپلز پارٹی زندہ ہے، بھٹو کو پھانسی لگانے والوں کا نام لینے والا بھی کوئی نہیں۔خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نوازشریف کو جلا وطن کرنے والے مشرف کو لوگ بھول چکے ہیں، نواز شریف کا استقبال آج بھی ہو رہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک شخص نے ملکی سالمیت کو للکارا جبکہ نواز شریف نے ملک کو ایٹمی قوت بنایا تھا۔