پیپلزپارٹی مظلوموں کی ہمیشہ سے آواز بنی ہے،سعید غنی

کراچی (آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے صدر و سابق صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی مظلوموں کی ہمیشہ سے آواز بنی ہے،فلسطین میں اسرائیل نے ظلم کی انتہا کردی ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی ہر فورم پرفلسطین اور کشمیرکا مقدمہ لڑا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز مجلس وحدت المسلمین کے 4 رکنی وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ مجلس وحدت المسلمین کے وفد نے سابق صوبائی وزیر و صدر پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن سعید غنی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور اتوار کو کراچی میں فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لئے ایم ڈبلیو ایم کے تحت احتجاج میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی۔ اس موقع پر ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں نے کہا کہ کراچی میں ہونے والے احتجاج میں شرکت کیلئے تمام سیاسی و سماجی رہنماؤں اور جماعتوں کو دعوت دی جارہی ہے۔ ان رہنماؤں نے کہا کہ فلسطین جیسے اہم مسئلہ پر مسلم امہ متحد ہے۔ اس موقع پر سعید غنی نے ایم ڈبلیو ایم کے وفد کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی مظلوموں کی ہمیشہ سے آواز بنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیل نے ظلم کی انتہا کردی ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی ہر فورم پر فلسطین اور کشمیر کا مقدمہ لڑاہے۔ پیپلزپارٹی کی قیادت نے ہمیشہ ظلم کیخلاف ملک گیر سطح سمیت بین الاقوامی فورم پر آواز اٹھائی ہے۔