خبر رساں ادارے رائٹرز نے معاملے سے واقف تین افراد کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہیکرز امریکی فضائیہ کے مرکزی کلاؤڈ کمپیوٹنگ پلیٹ فارم “کلاؤڈ ون” میں داخل ہو گئے، جس سے حساس ٹیکٹیکل، اہلکاروں اور لاجسٹکس سے متعلق ڈیٹا خطرے میں پڑ سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق یہ مداخلت گزشتہ تقریباً ایک ماہ کے دوران نظام کی اپ گریڈیشن کے کام کے دوران سامنے آئی، جس کے بعد پلیٹ فارم پر خلل پیدا ہوا۔ رائٹرز ہیکرز کی شناخت، مداخلت کے مکمل دائرے یا ڈیٹا چوری ہونے کی تصدیق نہیں کر سکا۔
امریکی فضائیہ نے ایک بیان میں کہا کہ وہ مخصوص نیٹ ورکس اور نظاموں کی سیکیورٹی یا آپریشنل حیثیت پر تبصرہ نہیں کرتی۔ کلاؤڈ ون 2017 میں فضائیہ کی آئی ٹی ضروریات کے لیے ایک مرکزی پلیٹ فارم کے طور پر شروع کیا گیا تھا۔



