ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) نے جمعہ کو خیبرپختونخوا اور پنجاب میں پانی اور زراعت کے انتظام کو بہتر بنانے کے لیے مجموعی طور پر 46 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کے دو قرضوں کی منظوری دے دی۔ بینک کے مطابق اس رقم سے موسمیاتی تبدیلی سے جڑے خطرات کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت بڑھے گی، دیہی روزگار بہتر ہوگا اور تقریباً 7 لاکھ 28 ہزار افراد کی غذائی سلامتی مضبوط ہوگی۔
بینک کے بیان کے مطابق 20 کروڑ 80 لاکھ ڈالر کا رعایتی قرض خیبرپختونخوا کے زرعی منصوبے کے لیے ہے، جس کے تحت نوشہرہ، صوابی اور اپر چترال کے اضلاع میں آبپاشی کے نظام تعمیر اور بحال کیے جائیں گے اور چھوٹے کاشتکاروں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی فراہم کی جائے گی۔ منصوبے میں خواتین کے لیے روزگار کی تربیت اور پانی کے انتظام میں ان کا کردار بڑھانے کے اقدامات بھی شامل ہیں۔
26 کروڑ ڈالر کا دوسرا رعایتی قرض پنجاب میں پہاڑی ندی نالوں (ہل ٹورنٹس) کے مربوط انتظام کے منصوبے کے لیے ہے، جس کا مقصد پہاڑی علاقوں میں اچانک سیلاب کے خطرات کم کرنا اور سیلابی پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بڑھانا ہے۔



