
راولپنڈی میں کھیلے جا رہے دوسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ کے دوسرے روز سری لنکا کے فاسٹ بولرز نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے پاکستان کی 7 وکٹیں گرا دیں۔ کھانے کے وقفے تک پاکستان نے 7 وکٹوں پر 221 رنز بنا کر 123 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی۔
پاکستان نے دن کا آغاز 3 وکٹوں پر 121 رنز سے کیا تھا۔ سری لنکن فاسٹ بولر لہیرو کمارا نے کھانے کے وقفے سے پہلے تین وکٹیں لیں اور اذان اویس، سعود شکیل اور ثاقب خان کو آؤٹ کیا۔ آسیتھا فرنینڈو نے سلمان علی آغا کو ایل بی ڈبلیو کیا، جو 26 گیندوں پر 21 رنز بنا سکے۔
نائٹ واچ مین ثاقب خان نے تقریباً دو گھنٹے کریز پر گزارے اور 78 گیندوں پر 37 رنز بنائے۔ یاد رہے کہ پہلے روز پاکستان نے سری لنکا کو صرف 98 رنز پر آؤٹ کر دیا تھا۔



