ارجنٹینا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے فیفا پر فکسنگ کے الزامات پر اپنے ردِعمل کا اظہار کر دیا۔
سیمی فائنل میں انگلینڈ کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیونل میسی نے فیفا کی جانب سے ارجنٹینا کی مبینہ جانبداری کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم گزشتہ 4 سال سے بہترین رہے ہیں، اب چاہے لوگوں کو یہ بات پسند آئے یا نہ آئے۔
فیفا ورلڈ کپ سیمی فائنل: میسی کا پہلی بار انگلینڈ سے مقابلہ، میچ کو خاص قرار دے دیا
فٹبالر نے کہا کہ ہم نے جو کچھ بھی حاصل کیا وہ اتفاق نہیں ہے اور کسی نے ہمیں کچھ نہیں دیا، کوئی بھی ہمیں مفت میں کچھ نہیں دیتا۔
لیونل میسی نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف ملنے والی فتح کو لیجنڈری ڈیاگو میراڈونا کے نام کر دیا جنہوں نے 1986ء کے ورلڈ کپ میں ارجنٹینا اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے میچ میں متنازع ہینڈ آف گاڈ گول اور ٹورنامنٹ کے تاریخ ساز سولو گول کے ذریعے ارجنٹینا کو فتح دلائی تھی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈیاگو آج بہت خوش ہوں گے، آج ان کے لیے خاص دن ہے، یہ فتح ڈیاگو کے لیے بھی ایک تحفہ ہے۔



