نوازشریف، شہباز شریف، مریم نواز نے اپنا ووٹ لاہور میں کاسٹ کیا

لاہور (آن لائن) جنرل الیکشن 2024کے انعقاد کے موقع پر شہر لاہور میں مقیم اہم شخصیات نے بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کیا،شہر لاہور میں ووٹ کاسٹ کرنے والوں میں 2سابق وزراء اعظم سمیت دیگر شامل تھے۔بتایا گیا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف اور ان کی صاحبزادی چیف آرگنائزر پی ایم ایل این مریم نواز نے لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 128کے ماڈل ٹاؤن پولنگ اسٹیشن پر اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔سابق وزیراعظم شہباز شریف کے چھوٹے صاحبزادے سلمان شہباز نے اپنی اہلیہ کے ہمراہ اپنا ووٹ ماڈل ٹاؤن ہی کے پولنگ اسٹیشن پر کاسٹ کیا۔اسی طرح چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے اپنا ووٹ جی او آر ٹو کے پولنگ اسٹیشن پر اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہور قیصر نذیر بٹ نے اپنا ووٹ ساندہ کے ایک گرلز ہائی سکول میں واقع ایک پولنگ اسٹیشن پر اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے حلقہ این اے 128 کے پولنگ سٹیشن نمبر 82 پر اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ سکیورٹی کے حوالے سے تمام انتظامات مناسب ہیں، محنت کریں اور پاکستان کی خدمت کریں، نفرتیں دور کریں گے، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل نے ہماری کارکردگی کو سراہا ہے تو اس سے پاکستان کا وقار بڑھا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ دوبارہ عوام کی خدمت کا موقع دینا اللہ کے ہاتھ میں ہے، اس وقت ملک میں دراڑیں اور تقسیم پڑ گئی ہے اس کو ختم کریں گے۔شہباز شریف نے مزید کہا ہے کہ ایسی حکومت معرض وجود میں آئے جو پاکستان میں محبت اور خیر سگالی جذبات کے پھول نچھاور کرے، یہ عظیم دھرتی محبت ویگانگت سے ہی سرسبز ہو گی، انشااللہ اس دھرتی سے خوشحالی کے شگوفے پھوٹیں گے، انشااللہ اس ملک سے بے روزگاری اور غربت کا خاتمہ ہو گا۔