بلاول بھٹو نے انتخابی جلسے کے دوران ‘نہ کھپے نہ کھپے، میاں صاحب نہ کھپے’ کے نعرے لگا دیئے

شکار پور (آن لائن) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے انتخابی جلسے کے دوران ‘نہ کھپے نہ کھپے، میاں صاحب نہ کھپے’ کے نعرے لگا دیئے۔ سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا شکار پور میں انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران کہنا تھا کہ ہم سازش نہیں مانتے، ہم کہتے ہیں میاں صاحب نہ کھپے۔ لوگ کہتے ہیں پیپلز پارٹی آئے گی اور روزگار دلائے گا۔ ہم نوجوانوں کیلئے روزگار لائیں گے۔ ہم نے عوامی معاشی معاہدہ تیار کر لیا ہے۔ ہم تاریخی معاشی بحران سے گزر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کو دشمنی بنانے کا نقصان پاکستان اٹھا رہا ہے، تخت لاہور کی لڑائی سے نقصان عوام کا ہو رہا ہے، اس لڑائی کا بوجھ عوام اٹھا رہے ہیں۔ میں نفرت اور تقسیم کی سیاست ختم کر دوں گا۔ شکارپور نے 100 فیصد نشستیں پیپلز پارٹی کو دلوائیں۔اس مرتبہ بھی 8 فروری کو تیر پر ٹھپہ لگائیں۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم ایک تاریخی معاشی بحران سے گزر رہے ہیں لیکن ہم نے معاشی معاہدہ تیار کیا ہے ہمارا ماضی گواہ ہے اور لوگ کہتے ہیں پی پی آئے گی روزگار لائے گی۔سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ اس الیکشن میں حصہ لینے والی باقی جماعتیں نفرت اور تقسیم کی سیاست کررہی ہیں، انہوں نے سیاسیت کو ذاتی دشمنی میں تبدیل کیا ہے جس سے پاکستان اور اس کی معیشت کو ہو رہا ہے، ان کی لڑائی کا بوجھ آپ مہنگائی، بے روزگاری، غربت کی صورت میں اٹھا رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نفرت کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، سیاسی انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی اور اگر آپ 8 فروری کو میرا ساتھ دیتے ہیں تو میں آپ کا وزیر اعظم بن کر نفرت اور تقسیم کی سیاست کو دفن کروں گا۔بلاول نے کہا کہ مجھے امید ہے کہ شکارپور کے عوام ہمیں مایوس نہیں کریں گے اور 8 فروری کو شکارپور میں تیروں کی بارش ہو گی۔