الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس،سکیورٹی پلان کی منظوری دیدی

اسلام آباد(آن لائن)عام انتخابات میں امن وامان کی صورت حال بہتر رکھنے کیلئے سکیورٹی پلان کی منظوری دیدی۔جمعرات کے روزیہاں الیکشن کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں تمام ریٹرننگ افسران، پولیس اور حساس اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی،اجلاس میں ایس ایس پی آپریشنز اور دوران انتخابات ڈیوٹی پر مامور پاک آرمی کے کمانڈنگ افسران بھی شریک رہے،اجلاس میں الیکشن ڈے اور اس سے قبل ممکنہ تھریٹس کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں تمام حساس پولنگ سٹیشنز کے سیکورٹی انتظامات پر بھی بریفنگ دی گئی،اجلاس میں عام انتخابات کے حوالے سے سیکورٹی پلان کی منظوری دی گئی جس کے مطابق پاک آرمی، پاکستان رینجرز، حساس ادارے اور پولیس مل کر سیکورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔