ریاستِ مدینہ کے نام پر کرپشن کی داستانیں رقم کی گئیں، بنی گالا کے گھر میں گینگ چلا یا جارہا تھا: عطا اللہ تارڑ

لاہور (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ریاستِ مدینہ کے نام پر کرپشن کی داستانیں رقم کی گئیں، بنی گالا کے گھر میں ایک گینگ چلا یا جارہا تھا،بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ مانیکا نے بیرون ملک سے ملنے والے تحائف اونے پونے داموں خریدے اور انہیں بعدا زاں بلیک مارکیٹ میں بیچا گیا،بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو برطانوی کمپنی گراف کے تحائف پر سزا ہوئی ہے، گراف کے سیٹ کا تخمینہ 3ارب تھا، ابھی تک باقی سینکڑوں تحائف کا کیس چل رہا ہے، جو تحائف بیچے گئے ہیں ان کی مالیت15سے20ارب تک جاتی ہے۔ پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دوسرے ممالک کے سربراہوں کی طرف سے ملنے والے تحائف کی ایک خاص حیثیت اور اہمیت ہوتی ہے لیکن بانی چیئرمین پی ٹی آئی کے دور میں اسے کاروبار کے طور پر چلایا گیا۔ ان تحائف کی نہ صرف کم ویلیو لگوائی گئی بلکہ انہیں اونے پونے داموں خرید کر بلیک مارکیٹ میں فروخت کیا گیا۔ خانہ کعبہ کے ماڈل والی گھڑی کی قیمت گھڑیوں کی لوکل دکان سے نہیں لگوائی جا سکتی کیونکہ یہ نایاب گھڑی ہے۔ ایسی نایاب گھڑی جو مارکیٹ میں دستیاب ہی نہیں جس میں ہیرے جواہرات لگے ہیں اس کی مالیت 90کروڑ سے ایک ارب کے قریب لگتی ہے، توشہ خانہ کے بہت سے ایسے تحائف ہیں جن کی مقامی سطح پر قیمت 10کروڑ روپے لگوائی گئی اور پھر نصف 5کروڑ سرکاری خزانے میں جمع کراکے تحائف وصول کرنے کے بعد بلیک مارکیٹ میں اسے 90کروڑ روپے تک بیچا گیا۔