خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی اہم ایپیکس کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا

اسلام آبا د(آن لائن)نئی حکومت سے قبل غیر ملکی سرمایہ کاری اور اصلاحات بارے اہم فیصلے،خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی اہم ایپیکس کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا گیا،نگران وزیراعظم انوار الحق کا اکڑ کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس دو فروری کو ہوگا۔حکومتی ذرائع کے مطابق اجلاس میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر بھی خصوصی طور پر شرکت کریں گے،ایپکس کمیٹی 24 نکاتی ایجنڈے پر غور کرے گی،ایف بی آر کی تنظیم نو اور کارکردگی میں بہتری بھی ایجنڈے کا حصہ ہے،وزارت قانون یو اے ای اور کویت کے ساتھ ایم او یوز پر پیشرفت سے آگاہ کرے گی،زرائع کا کہنا ہے کہ ایس آئی ایف سی کے تحت مختلف منصوبوں اور غیر ملکی سرمایہ کاری سے متعلق پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔ملک بھر میں بجلی کی چوری کی روک تھام کے لیے ٹاسک فورس کی رپورٹ اپیکس کمیٹی میں پیش کی جائے گی۔ایپیکس کمیٹی تقسیم کار کمپنیوں کو نجکاری کی فہرست سے نکالنے کی سفارشاتکرے گی، دو آر ایل این جی پاور پلانٹس کی نجکاری نہ کرنے سے متعلق بھی تجاویز پر غور کیا جائے گا، ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ گردشی قرضے میں کمی سے متعلق اہم تجاویز کی منظوری کا امکان ہے، انشورنس سیکٹر میں اصلاحات سے متعلق ورکنگ گروپ کی سفارشات پیش کی جائیں گی، پاکستان اسٹیل ملز کی اراضی کے متبادل استعمال کے لیے کمیٹی کی سفارشات منظوری کے لیے پیش کی جائیں گی۔