ا سلام آ باد (آن لائن) پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ احتساب عدالت نے ماضی میں ایسا فیصلہ کبھی نہیں دیا، یہ ظلم ہوا ہے، ایک لیڈر کو خوش کرنے کے لیے سزائیں دی جا رہی ہیں، بانی پی ٹی آئی پر دباو ڈالنے کے لیے بشریٰ بی بی کو سزا دی گئی۔ سزا کے خلاف ہائیکورٹ میں اپیل دائر کریں گے۔ احتساب عدالت کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو سزا سنائے جانے پر اپنے ردِ عمل میں انہوں نے کہا انکے وکیل کے ہوتے ہوئے جرح کی اجازت نہیں دی گئی، 342 کے بیان میں کہا کہ ہم گواہ پیش کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سزا کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست دائر کریں گے، انہوں نے کہا بشریٰ بی بی کا توشہ خانہ کیس سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے ذاتی طور پر کوئی گفٹ نہیں لیا۔ انہوں نے کہا بانی پی ٹی آئی پر دباوڈالنے کے لیے بشریٰ بی بی کو سزا دی گئی،انہوں نے مزید کہا کہ ہمارا حقِ دفاع بھی ختم کیا گیا، امید ہے کہ اعلیٰ عدلیہ سے انصاف ملے گا۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے لوگوں کو پْرامن ر ہنے اور حوصلہ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوے کہا کہ یہ سزا ختم ہو جائے گی اور ہم انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلے نہیں رہیں گے، سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، کوشش کی گئی کہ ووٹرز اور سپورٹرز مایوس ہوں مگر ایسا نہیں ہو گا، ہر ناانصافی کا فیصلہ ووٹ کے ذریعے لیں گے۔
Load/Hide Comments



