اسلام آباد (آن لائن)الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لئے تیاریاں تیز کردی ہیں، یلٹ پیپرز کی چھپائی تیزی سے جاری ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات کے انعقاد کی تیاریاں تیزی سے تکمیل کے مراحل کی طرف گامزن ہیں۔بیلٹ پیپر کی چھپائی کا کام تسلی بخش طریقے سے جاری ہے اور 2فروری تک مکمل ہو جائے گا۔اس کے ساتھ ساتھ سیکیورٹی اداروں، RO اور ڈسٹرکٹ ایڈ منسٹریشن کی مدد سے بیلٹ پیپر کی ڈیلوری کا کام چاروں صوبوں کے لیے شروع ہو چکا ہے۔یہ ترسیل سڑک اور ہوائی دونوں ذریعوں سے کی جا رہی ہے۔ ترجمان کے مطابق 29 جنوری 2024ء سے 8300 ایس ایم ایس سروس کے ذریعے عوام الناس کو دیگر معلومات کے علاوہ اپنے پولنگ سٹیشن کی معلومات حاصل کرنے کی سہولت بھی فراہم کر دی گئی ہے۔ ووٹرز کو اپنے ووٹ کی معلومات حاصل کرنے کے لیے اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر بھیجنا ہو گا۔ تمام ووٹرز سے درخواست ہے کہ وہ اپنے اورگھر والوں کے ووٹ کی تفصیلات بروقت حاصل کر لیں تاکہ پولنگ اسٹیشن میں انہیں کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ترجمان کے مطابق الیکشن کمیشن نے اب تک 9 لاکھ76 ہزار درکار پولنگ عملے میں سے 9 لاکھ 70 ہزار پولنگ عملے کی تربیت مکمل کر لی ہے جو کہ کل درکار تعداد کا 96 فیصد بنتی ہے۔ بقیہ 6 ہزار پولنگ عملے کی تربیت اگلے چار دنوں میں مکمل ہو جائے گی۔مزید یہ کہ کراچی میں دو سیاسی پارٹیوں کے درمیان جھنڈا لگانے پر تصادم و فائرنگ اور ضلع صوابی میں پوسٹل بیلٹ چھینے جانے کے واقعات کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کمیشن نے متعلقہ چیف سیکرٹری اور آئی جی صاحبان سے رپورٹس طلب کی ہیں تاکہ ان واقعات میں ملوث افراد کے خلاف الیکشن قوانین کے تحت بھی کاروائی کی جا سکے۔
Load/Hide Comments



