نتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کویکساں مواقع فراہم کئے جارہے ہیں،وزیراعظم

اسلا م آباد (آن لائن)وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا ہے کہ انتخابات میں تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کئے جارہے ہیں اور لاکھوں رائے دہندگان کواپنے نمائندوں کے انتخاب کا موقع ملے گا۔انہوں نے نجی نیوز چینلز کوانٹرویو میں کہا کہ پرامن انتخابات کا انعقاد نگران حکومت کی اولین ترجیح ہے اور الیکشن کمیشن سے ہر طرح کا تعاون کیا جائے گا۔انہوں نے انتخابات کے دوران سوشل میڈیا یا انٹرنیٹ پر پابندی کے تاثر کو رد کر دیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ اسمبلی کے ارکان نے اپنا آئینی حق استعمال کرتے ہوئے تحریک عدم اعتماد کے ذریعے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو تبدیل کیا۔انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے انٹراپارٹی انتخابات کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کیا۔نو مئی کے واقعات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ واقعات میں ملوث بعض افراد کے مقدمات عام عدالتوں میں اور کچھ کے فوجی عدالتوں میں چلائے جائیں گے۔نگران وزیر اعظم انوا ر الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور قوت سے جواب دے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان او ر بھارت کے درمیان صرف کشمیر کا مسئلہ ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گرد ی کی لہر کا سامنا ہے اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو پر تشدد عناصر سے محفوظ رکھے۔انہوں نے کہا کہ علاقائی سا لمیت اور خود مختاری کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔