مسلم لیگ (ن) واحد جماعت ،اپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام میں آئی ہے،مریم نواز

بورے والا (آن لائن) مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ انتخابات میں صرف مسلم لیگ (ن) واحد جماعت ہے جواپنی کارکردگی کی بنیاد پر عوام میں آئی ہے،پنجاب میں آکر نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرنے والوں کو ہر طرف نواز شریف کے منصوبے ہی نظر آرہے ہیں، نواز شریف پر تنقید کرنے والے بتائیں سندھ میں کیا ترقی کی ہے جہاں سکولوں میں مویشی بندھے ہوئے ہیں،بورے والا اور سارا پاکستان جانتا ہے نواز شریف نے کتنے منصوبے دیئے ہیں ہم نے الزام تراشی اور انتقام کی سیاست نہیں کی عوام کی خدمت کی سیاست کی ہے،نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کا وعدہ ہے دوبارہ منتخب ہوکر وہاڑی میں میڈیکل کالج اور یونیورسٹی بنائینگے، موٹرویز بھی بنائینگے، ہسپتال بھی نئے بنائینگے۔ بورے والا میں انتخابی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آج پہلی بار بورے والا آئی ہو مگر جس محبت کا اظہار کیا ایسا لگتا ہے یہ میرا اپنا گھر ہے اس سے میرا تعلق بہت پرانا ہے میں آپ کے جذبے کو سلام پیش کرتی ہوں جتنی خوشی آج مجھے یہاں نوجوانوں کی تعداد دیکھ کر ہوئی تو مجھے یقین ہوگیا کہ اصل تبدیلی لانے والا یہ نوجوان ہیں آج ہم الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں تو ان نوجوانوں کی محنت سے تاکہ منتخب ہوکر اس علاقے کی خدمت کرسکیں یہاں ہمارے جتنے بھی امیدوار ہیں وہ مشکل وقت میں نواز شریف کے ساتھ کھڑے رہے ان کو منتخب کرکے مسلم لیگ (ن) سے محبت کا ثبوت دیں تاکہ وہ آپ کی خدمت کرسکیں۔ مریم نواز نے کہا کہ بورے والا والوں آج تمام مخالف جماعتیں پنجاب میں آکر ووٹ مانگ رہی ہیں ووٹ مانگتے ہیں مگر ان کو جلسہ کرنے میں دشواری ہوتی ہے مگر جہاں جلسہ کرتے ہیں وہاں ہر طرف ان کو نواز شریف کے منصوبے نظر آرہے ہوتے ہیں وہ کس منہ سے نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرتے ہیں وہ جہاں بھی جلسے کرتے ہیں ہر طرح نواز شریف کے منصوبے نظر آتے ہیں نواز شریف کا منشور نظر آتا ہے۔