محکمہ موسمیات کی آج ملک بھر میں بارشوں اور برفباری کی پیش گوئی

لاہور(آن لائن)محکمہ موسمیات نے آج 27 جنوری(ہفتہ کے روز) سے ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیش گوئی کردی۔محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ طویل خشک موسم کے بعد مغربی ہوائیں ملک میں داخل ہو رہی ہیں جو 27 سے لے کر 31 جنوری تک ملک کے بالائی علاقوں پر موجود رہیں گی۔محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آج سے گلگت بلتستان کشمیر میں وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔حکام کا کہناہے کہ 27 سے 31 جنوری تک چترال، دیر، سوات، ایبٹ ا?باد، مانسہرہ، ہری پور، کوہاٹ اور بنوں میں وقفے وقفے سے ہلکی و درمیانی بارش اور پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے۔28 اور 29 جنوری کو کوئٹہ، ڑوب، زیارت، چمن، بارکھان اور مکران کے ساحلی علاقوں میں وقفے وفقے سے ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔اس کے علاوہ اسلام آباد خطہ پوٹھوہار میں ہلکی سے درمیانی بارش اور پہاڑوں پر برف باری متوقع ہے، 30 اور 31 جنوری کو گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، سرگودھا میں ہلکی و درمیانی بارش کی پیش گوئی بھی کی گئی ہے۔حکام نے خبردار کیا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ مری، گلیات، ناران میں برف باری سے ٹریفک کی روانی میں خلل کا خدشہ ہے، برفباری کے پیش نظر سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔بارشوں کی پیش گوئی کے بعد پنجاب،خیبر پختونخوا کے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کا عندیہ بھی دیا گیا ہے۔