پاکستان نے ایران سمیت مغربی سمت سے آنے والی تمام پروازوں کی مانیٹرنگ شروع کردی، ذرائع ایوی ایشن

اسلام آباد (آن لائن) پاکستان نے ایران سمیت مغربی سمت سے آنے والی تمام پروازوں کی مانیٹرنگ شروع کردی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق مغربی سرحدوں پر فضا میں ہونے والی ہر سرگرمی کو مانیٹر کیا جارہا ہے، مغرب سے آنے والی تمام پروازوں سے متعلق الرٹ رہنے کی ہدایت ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سی اے اے کو مغرب سے پاکستانی حدود میں آنے والی تمام پروازوں کی سخت مانیٹرنگ کی ہدایات دی گئیں، ایئر ٹریفک کنٹرول کو ایران سمیت تمام مغربی پروازوں کی تفصیلات اکٹھی کرنے کی بھی ہدایت دی گئی ہے۔ ذرائع سی اے اے کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے مغرب کی طرف سے پاکستان آنے والی پروازوں کی مانیٹرنگ نہیں ہوئی، پاکستان اور ایران کی فضائی حدود کمرشل پروازوں کے لیے کھلی ہے۔ دوسری جانب سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈی جی خاقان مرتضیٰ نے میڈیا کو بتایا کہ ایران کے لیے پاکستانی فضائی حدود بند کرنے کا ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ تاحال ایران کے لیے فضائی حدود بند کرنے کی حکومت سے کوئی ہدایت نہیں ملی، صورتحال کو غور سے مانیٹر کر رہے ہیں۔