بشریٰ بی بی نے دوران عدت نکاح کیس کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا

بشریٰ بی بی اور ان کے شوہر کیخلاف درخواست بدنیتی پر مبنی ہے، 11 جنوری کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے،درخواست میں موقف
اسلام آباد (آن لائن) بانی پی ٹی اائی کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے عدت کے دوران نکاح کے کیس کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔درخواست گزار کے وکلاء کی جانب سے کیس کو آج ہی سماعت کیلئے مقرر کرانے کی کوششیں کی جائے گی۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی اور ان کے شوہر کیخلاف درخواست بدنیتی پر مبنی ہے، سابق شوہر خاور مانیکا نے مذموم مقاصد کے لیے بدنیتی کے تحت شکایت درج کرائی، جھوٹے اور من گھڑت دستاویزات کی بنیاد پر عدت میں نکاح کا جھوٹا الزام لگایا گیا۔سابق شوہر کے مطابق اس نے مجھے 14 نومبر2017 کو طلاق دی، خاور مانیکا نے 15 اپریل 2017 کو تین مرتبہ زبانی طلاق دی تھی، اگست 2017 میں اپنی والدہ کے گھر منتقل ہوئی، یکم جنوری 2018 کو بانی پی ٹی آئی سے شادی تک والدہ کے گھر قیام کیا، عدت میں نکاح کا کیس نہیں بنتا، ٹرائل کورٹ کا بھی کیس سننے کا دائرہ اختیار نہیں،درخواست میں بشریٰ بی بی نے استدعا کی ہے کہ ایڈیشنل سیشن جج ایسٹ کا 11 جنوری کا حکم کالعدم قرار دیکر عدت کے دوران نکاح کے کیس کو خارج کرنے کا حکم دیا جائے اور درخواست پر فیصلے تک ٹرائل کورٹ کی کارروائی کو روکا جائے.