فیصل آباد/تاندلیانوالہ (آن لائن) استحکام پاکستان پارٹی کے سینئر نائب صدر و حلقہ این اے 97سے امیدوار ہمایوں اختر خان نے انتخابی مہم کے سلسلہ میں تاندلیانوالہ سٹی کے مرکزی بازار سمیت مختلف علاقوں میں ڈور ٹو ڈور مہم کے دوران تاجروں اور حلقے کے لوگوں سے ملاقاتیں کیں، ذیلی حلقہ پی پی 102سے امیدوار سردار سکندر حیات جتوئی اور پی پی 103سے امیدوار رانا رانا نعیم اقبال، پارٹی رہنما،کارکنان،سپورٹرز اور علاقہ عمائدین کی کثیر تعداد بھی ان کے ہمراہ تھی۔ مرکزی بازار کے تاجروں نے ہمایوں اختر خان اوران کے ساتھیوں کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے، اس موقع پر تاجروں نے بھرپور حمایت کی کی بھی یقین دہانی کرائی۔ مختلف مقامات پر گفتگو کرتے ہوئے ہمایوں اختر خان نے کہاکہ علاقے کے دیرینہ مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں، ہم نے نہ صرف کسانوں، نوجوانوں کیلئے سکیمیں دینی ہیں بلکہ علاقے میں معاشی سر گرمیوں کے فروغ کیلئے بھی منصوبے شروع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایسا منشور پیش کیا ہے جو قابل عمل ہے،وہ وعدے اور اعلانات کر رہے ہیں جنہیں ہم پورا کر کے دکھائیں گے، ہم نے گزشتہ کئی دہائیوں سے نمائندگی کے دعویداروں کی طرح سبز باغ نہیں دکھائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سے پہلے کس نے علاقے اور عوام کی تقدیر بدلنے کا منشور پیش کیا، یہاں صرف ٹھیکیداری اور کمیشن کی سیاست کی گئی ہے جس کا عوام کو کوئی فائدہ نہیں۔ ہم نے وعدہ کیا ہے کسانوں کو وئیر ہاؤسزبنا کر دیں گے، ان کے ٹیوب ویلوں کو سولر پر منتقل کرائیں گے جس سے ان کی بجلی کے بھار ی بلوں سے جان چھوٹ جائے گی، نوجوانوں کیلئے آئی ٹی سنٹرز بنائیں گے جس سے علاقے میں ترقی کے دروازے کھلیں گے، ایم تھری کے ساتھ انڈسٹریل زون کے قیام کے حوالے سے پیشرفت کا وعدہ کیا ہے، ہر یونین کونسل میں تعلیم اور صحت کی سہولیات پہنچائیں گے، بڑے ہسپتالوں کوجدید خطوط پر استوار کریں گے تاکہ مقامی لوگوں کو علاج کے لئے دوسرے شہروں میں نہ جانا پڑے، بچیوں کیلئے ہنر سکھانے کے ادارے قائم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کے دیرینہ مسائل سے بھی آگاہی ہے، ہمارا وعدہ ہے کہ کسی طبقے کومایوس نہیں کریں گے بلکہ ان کا سہارا بنیں گے۔
Load/Hide Comments



