پی ٹی آئی کو بلے کا نشان دینے کا فیصلہ حیران کن ہے، محمود مولوی

کراچی (آن لائن)صدر استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) محمود مولوی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو بلے کا نشان دینے کا فیصلہ حیران کن ہے۔پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن اور انتخابی نشان سے متعلق کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے تحریک انصاف کا انتخابی نشان بلا بحال کر دیا۔ محمود مولوی نے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آ ئی کو انتخابی ضوابط کی خلاف ورزی کرنے کے باوجود بلے کا نشان دینے کا فیصلہ حیران کن ہے۔ محمود مولوی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ پہلے ہی قرار دے چکی ہے کہ ایسے فیصلے ہائی کورٹس کے دائرہ اختیار میں نہیں ا?تے، ایک ہائی کورٹ کی جانب سے پورے ملک میں بلے کا نشان مخصوص پارٹی کو دینا سوالیہ نشان ہے۔ محمود مولوی نے کہا کہ پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے سے ثابت ہوتا ہے کہ عدالتوں میں اب بھی ایک پارٹی سے وابستہ جج موجود ہیں، سانحہ 9 مئی میں ملوث دہشت گردوں کو بھی مخصوص جج مسلسل ریلیف دیے جا رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایک ہی عدالت سے اب تک 116 مقدمات میں ملوث سیاسی دہشت گردوں کو ریلیف دیا جا چکا ہے، جانبدارانہ اور من پسند فیصلے عدالتوں پر عوامی اعتماد کو ٹھیس پہنچا سکتے ہیں، نچلی عدالتوں کی جانب سے ایسے فیصلوں سے قومی سلامتی کے معاملات متاثر ہوں گے۔