کراچی(آن لائن) میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تحت جمعہ سے فریئر ہال لان میں میری گولڈ فیسٹیول شروع ہوگا جو تین روز تک جاری رہے گا، میری گولڈ فیسٹیول میں ایک لاکھ سے زائد مختلف رنگوں کے پھول رکھے گئے ہیں،توقع ہے کہ شہریوں کی بڑی تعداد اس فیسٹیول سے لطف اندوز ہوگی، نمائش میں شہریوں کا داخلہ مفت ہوگا۔یہ بات انہوں نے بدھ کے روز فریئر ہال میں میری گولڈ فیسٹیول کی تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے کہی، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پارکس اینڈ ہارٹیکلچر جنید اللہ خان، سینئر ڈائریکٹر اطلاعات و طباعت و میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ میری گولڈ فیسٹیول کا انعقاد بلدیہ عظمیٰ کراچی کی روایت ہے،میری گولڈ موسم سرما کا پھول ہے اور دوماہ تک کھلا رہتا ہے،اس کے بے شمار رنگ ہیں اور یہ پھول اپنی خوبصورتی اور جاذبیت کے باعث انتہائی مقبول ہے، پاکستان میں مسلسل چھ ماہ کی محنت کے بعد یہ پھول اپنی رعنائی دکھاتا ہے، اس سال بھی میری گولڈ کے ہزاروں رنگا رنگ پھول فریئر ہال کے لان پر شہریوں کے لئے دلکش انداز میں سجائے جا رہے ہیں اور توقع ہے کہ کراچی کے شہریوں کی بڑی تعداد اپنی فیملی کے ہمراہ اس تین روزہ فیسٹیول سے محظوظ ہوگی، میئر کراچی نے کہا کہ کراچی کے بنیادی انفراسٹرکچر کو ترقی دینے کے ساتھ ساتھ شہر کے چھوٹے بڑے پارکس کو بھی بہتر کیا جارہا ہے، فریئر ہال میں تمام فوارے درست حالت میں رکھنے کے انتظامات کئے جائیں گے، ہزاروں شہری ہر روز فریئر ہال آتے ہیں اور یہاں کی سہولیات سے مستفید ہوتے ہیں، فریئر ہال کراچی کی پہچان ہے، اس تاریخی عمارت کی تزئین و آرائش کا کام بھی جاری ہے،انہوں نے کہا کہ میری گولڈ فیسٹیول کراچی کی روایت بن چکا ہے اور موسم سرما کے ان پھولوں کی نمائش میں شہری گہری دلچسپی لیتے ہیں، پھول اللہ تعالیٰ کا حسین تحفہ ہیں اور ہمیں پھولوں اور درختوں کی نگہداشت کرنی چاہئے کیونکہ انہیں دیکھ کر تمانیت کا احساس ہوتا ہے اور شہر کی فضاء کو خوشگوار بنانے میں پھولوں، پودوں اور درختوں کا مرکزی کردار ہے، میئر کراچی نے کہا کہ شہر کو سرسبز اور خوبصورت بنانے کے لئے شجر کاری کا کام جاری ہے، پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز کا سامنا ہے لہٰذا یہ ضروری ہے کہ کراچی میں زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں اور کھلی جگہوں پر سبزہ بڑھایا جائے، انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ اپنے خاندان کے ہمراہ اس فیسٹیول میں آئیں اور مختلف رنگوں میں جلوہ گر پھولوں کو دیکھیں، انہوں نے ڈائریکٹر جنرل پارکس کو ہدایت کی کہ وہ اس فیسٹیول کو بھر پور بنانے کے لئے اقدامات کریں اور کے ایم سی کی نرسریوں میں تیار ہونے والے دلکش اور رنگا رنگ پھول زیادہ سے زیادہ تعداد میں فیسٹیول میں رکھے جائیں۔
Load/Hide Comments



