میری چیف الیکشن کمشنر سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی، الیکشن کمیشن آمد معمول کے رابطے کا حصہ ہے،مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد (آن لائن) نگران وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ نگران کابینہ کے پہلے اجلاس کے بعد سے مسلسل الیکشن کمیشن سے رابطے میں ہیں، الیکشن کمیشن سے روزانہ رابط ہوتا ہے الیکشن کمیشن آمد معمول کے رابطے کا حصہ ہے۔ میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ میری چیف الیکشن کمشنر سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی الیکشن کمیشن سے روزانہ رابطہ ہوتا ہے الیکشن کمیشن آمد معمول کے رابطے کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ انتخابات آٹھ فروری 2024ء کو ہی ہونگے ہم نے خراب ترین حالات میں بھی الیکشن کرائے ہیں موجودہ صورتحال 2008ء اور 2013 ء سے بہت بہتر ہے سیکیورٹی صورتحال میں مزید بہتری لائینگے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کی کوریج کے لئے فارن میڈیا کی پاکستان آنے کے حوالے سے معلومات وزارت خارجہ اور الیکشن کمیشن آف پاکستان فراہم کریں گے سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے اعلان کے بعد انتخابی سرگرمیوں کا آغاز ہوگا تمام جماعتیں اپنی انتخابی سرگرمیوں کا آغاز کر رہی ہیں۔ مرتضیٰ سولنگی کا مزید کہنا تھا کہ 15 جنوری کو مسلم لیگ (ن) نے بھی جلسہ کا اعلان کیا ہے انتخابی سرگرمیوں میں مزید تیزی آئے گی انٹرنیٹ کے حوالے سے ٹیکنیکل مسائل نگران حکومت سے پہلے بھی آتے رہے حال ہی میں انٹرنیٹ کی خرابی کی وجہ تکنیکی تھی، اس کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انٹرنیٹ کی بندش کے حوالے سے مزید تفصیلات پی ٹی اے سے معلوم کی جا سکتی ہیں، وزارت داخلہ کا قلمدان وزیراعظم کے پاس ہے رولز آف بزنس کے تحت جب کوئی وزیر نہیں ہوتا تو متعلقہ وزارت وزیراعظم کے پاس ہوتی ہے.