بلوچستان میں سڑکوں کے جال پر خصوصی کام کی ضرورت ہے، انوار الحق کاکڑ

اسلام آباد (آن لائن) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ملک میں سڑکوں کی تعمیر اور کارکردگی کے حوالے سے نیشنل ہائی وے اتھارٹی انتہائی اہم کردار ادا کر رہی ہے،کسی بھی ملک کی معاشی اور سماجی ترقی کیلئے بہترین انفراسٹرکچر کلیدی حیثیت رکھتا ہے،سڑکوں کا جال بچھائے بغیر ترقی و خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، بلوچستان میں سڑکوں کے جال پر خصوصی کام کی ضرورت ہے، کراچی تا چمن شاہراہ کی بحالی اور تعمیر نو کا رْکا ہوا کام جلد از جلدشروع کیا جائے۔تفصیل کے مطابق نگران وزیر اعظم کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے حوالے سے جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیراعظم کو نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے مزید کہا کہ ملک کے ایسے حصوں میں روڈ انفراسٹرکچر کو ترجیحی بنیادوں پر بنانے کی ضرورت ہے جہاں بیرونی سرمایہ کاری متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں روڈ انفراسٹرکچر پر خصوصی کام کی ضرورت ہے۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ کراچی تا چمن شاہراہ کی نو تعمیر کا کام جلد از جلد شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی-چمن شاہراہ کی تعمیر سے نہ صرف بلوچستان کے عوام کو فائدہ ہو گا بلکہ ملک کے دیگر علاقوں کو بھی ایک بہتر متبادل راہداری میسر آئے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ بہتر شاہراہیں ملک کی ترقی اور بہتر مستقبل کے لئے جو کردار ادا کرتی ہیں اْسے اعداد و شمار میں ماپنا مشکل ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نئی شاہراہوں کے منصوبے تیار کرتے ہوئے تفصیلی منصوبہ بندی اور وسائل کے بہترین استعمال کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جا سکے۔اجلاس میں نگران وفاقی وزیر مواصلات شاہد اشرف تارڑ، نگران وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر، نگران وفاقی وزیر منصوبہ بندی سمیع سعید، چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور متعلقہ سرکاری افسران نے شرکت کی۔