آج یہ کہنا بنتا ہے”و تعز من تشاء و تزل من تشاء،“ قائد نواز شریف اور عوام کو مبارک ہو،مریم اورنگزیب

لاہور(آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا الحمدللہ، قائد نواز شریف کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لئے تاحیات نااہلی کی عدالتی ناانصافی کا سیاہ باب آخرکار ختم ہوا۔ آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کی من چاہی تشریح کے ذریعے پاکستان اور عوام کو مہنگائی، معاشی تباہی اور بین الاقوامی رسوائی کی دلدل میں دھکیلنے والے سیاہ کردار آج عدالت، عوام اور وقت کے کٹہرے میں مجرم قرار پائے ہیں جنہوں نے اپنے سیاسی و ذاتی مفادات کی خاطر پچیس کروڑ عوام اور ترقی کرتے پاکستان کی بنیادیں تک ہلا ڈالیں۔سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس(سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نیسپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل میں کہا ایک لاڈلے کو “صادق اور امین” کا جعلی سرٹیفکیٹ دینے کیلئے ایک منتخب وزیراعظم کو ہٹانے کی سازش کی گئی۔ آج یہ کہنا بنتا ہے ”و تعز من تشاء و تزل من تشاء“۔ قائد نواز شریف اور عوام کو مبارک ہو۔