انتخابات کی تاریخ دینا یا تبدیل کرنے کا اختیار صرف الیکشن کمیشن آف پاکستان کا ہے، نگراں وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی

اسلام آباد(آن لائن) نگراں وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ انتخابات میں تاخیر کرنا ہمارا اختیار نہیں،آئین کے آرٹیکل 218(3) کے تحت انتخابات کے انعقاد، انتخابات کی تاریخ دینا یا تبدیل کرنے کا اختیار صرف الیکشن کمیشن آف پاکستان کا ہے، نگراں وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات و پارلیمانی امور مرتضیٰ سولنگی نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مزید کہاکہ انتظامیہ سمیت کسی دوسرے ادارے کو یہ اختیار نہیں کہ وہ الیکشن کی تاریخ میں تبدیلی کرے، یہ اختیار صرف الیکشن کمیشن آف پاکستان کا ہے،نگران حکومت کا موقف ہے کہ انتخابات 8 فروری کو ہوں گے، سینیٹ اجلاس میں قرارداد کے حوالے سے میرا موقف نگران حکومت کا موقف ہے،قرارداد میں بیان کردہ مسائل حقیقی ہیں، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں سیکورٹی کے مسائل موجود ہیں، سلامتی کے معاملات یا سرد موسم حقیقی مسائل ہیں۔ قرارداد پیش کرتے وقت ایوان بالا میں ماحول جذباتی تھا، اگر یہ قرارداد سازش ہے تو اسے ناکام بنانے کی ذمہ داری بھی انہی لوگوں پر عائد ہوتی ہے جو شکایت کر رہے ہیں، ایوان میں حاضری کو یقینی بنانا بھی انہی جماعتوں کا کام ہے۔کورم پوائنٹ آ?ٹ کرنے کی ذمہ داری بھی انہی جماعتوں کی ہے،قرارداد کے حوالے سے جو موقف میں نے اختیار کیا، ابھی تک ہماری حکومت کا یہی موقف ہے۔ سابق چیئرمین پی ٹی آئی جس حالت میں ہیں، ان کے لئے ممکن نہیں کہ وہ ٹویٹ یا کوئی آرٹیکل لکھیں، ”دی اکانومسٹ“ کے ساتھ اس معاملہ کو اٹھایا جائے گا، کیا ”دی اکانومسٹ“ نے دنیا میں جن لوگوں کو سزا ہو چکی ہے، ان کے مضامین بھی شائع کئے ہیں؟،سابق چیئرمین پی ٹی آئی کے مبینہ آرٹیکل کے حوالے سے ابتدائی ردعمل میں ”دی اکانومسٹ“ کو لکھا جائے گا، ہماری معلومات کے مطابق جیل سے ایسی کوئی چیز باہر نہیں گئی، 9 مئی واقعات کے ذمہ داروں کے خلاف سینکڑوں شواہد موجود ہیں، پاکستان کے عوام بہتر جانتے ہیں کہ کس نے سازش کی اور کس کے خلاف کی،کسی عدالت نے نگران حکومتوں کو غیر آئینی قرار نہیں دیا، جیل میں بیٹھا ایک مجرم اپنی عدالت لگا کر ہمیں سزا دے، اس کا اختیار اْس کے پاس نہیں، پاکستان کو گرے لسٹ پر ڈالنے کی جو بھی وجوہات تھیں، اس کی وجہ سے ہم نے اینٹی منی لانڈرنگ کے نظام کو بہتر کیا،۔