سڈنی ٹیسٹ؛ شاہین کے نہ کھیلنے کے فیصلے کو وقار یونس اور وسیم اکرم نے مضحکہ خیز قرار دیدیا

کراچی (آن لائن) قومی ٹیم کے لیجنڈری فاسٹ بولر وقار یونس نے بھی سڈنی ٹیسٹ میں شاہین آفریدی کے نہ کھیلنے کے فیصلے کو مضحکہ خیز قرار دیدیا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کرکٹر و بالنگ کوچ وقار یونس نے کہا کہ ہم ٹیسٹ میچ کرکٹ کی بقا کیلئے کھیلتے ہیں لیکن اگر شاہین کو خالصتاً سڈنی ٹیسٹ کیلئے آرام دیا گیا ہے تو میری سمجھ سے باہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی کا سڈنی ٹیسٹ نہ کھیلنا میرے لیے حقیقیصدمہ ہے، کیونکہ میں انکی پلئینگ الیون میں شمولیت کی توقع کررہا تھا، شاہین میلبرن ٹیسٹ کے دوران اچھی فارم میں لگ رہے تھے جبکہ انکی گیند سوئنگ اور رفتار بڑھنا شروع ہوئی تھی۔ قبل ازیں سابق کپتان وسیم اکرم نے بھی سڈنی ٹیسٹ میں شاہین کی عدم شمولیت پر ٹیم مینجمنٹ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا تھا کہ کھلاڑیوں کو اب فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ عظیم بننا چاہتے ہیں یا کروڑ پتی۔