میرے والد شاہ محمود قریشی کو دہشت گردوں کی طرح عدالت میں پیش کیا گیا،مہربانوقریشی

اسلام آباد (آن لائن)تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی بیٹی مہر بانو قریشی نے کہا آج اتنا سخت سیکورٹی حصار بنایا گیا کہ جیسے کسی بڑے دہشت گرد کو پیش کیا جارہا ہے۔ جوڈیشل کمپلیکس میں کسی کو داخلے کی اجازت نہیں جو افسوس ناک ہے۔تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی کی بیٹی مہر بانو قریشی نے جوڈیشل کمپلیکس راولپنڈی کے باہر میڈیا سے بات کرتے کہا پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، سول کپڑوں میں ملبوس لوگ بھی جوڈیشل کمپلیکس میں موجود ہیں۔ کل میں میڈیا سے مخاطب ہونے پر شاہ محمود قریشی کو دھکے دیئے گئے۔ شاہ محمود قریشی کے ساتھ ہونے والے سلوک پر پڑوسی ممالک میں بھی مذاق بنا۔ پڑوسی ممالک بھی سوچ رہے ہوں گے کہ سابق وزیر خارجہ کے ساتھ کیسا سلوک کیا گیا۔