اسلام آباد(آن لائن) نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے مسائل سے پوری طرح سے آگاہ ہیں، ہم خیبر پختونخوا کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی،فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لئے وفاقی حکومت محدود وسائل کے باوجود خیبر پختونخوا حکومت کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔تفصیل کے مطابق نگران وزیر اعظم کی زیر صدارت خیبر پختونخوا کے امور پر اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی،فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لئے وفاقی حکومت محدود وسائل کے باوجود خیبر پختونخوا حکومت کو ہر ممکن مدد فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا خیبر پختونخوا کے مسائل سے پوری طرح سے آگاہ ہیں ان کا کہنا تھا کہ ہم خیبر پختونخوا کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔وزیر اعظم کی صوبہ خیبر پختونخوا کے مالی مسائل فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت کر تے ہوئے کہا کہ اس صوبے کے عوام نے دہشت گردی کے خلاف لازوال قربانیاں دی ہیں۔وزیر اعظم کی صوبے کے مالی وسائل حل کرنے کے لئے ایک سیکریٹیریل کمیٹی بنانے کی ہدایت کی جو کہ اس حوالے سے حکمت عملی ترتیب دے گی۔کمیٹی نیٹ ہائیڈل پرافٹس اور تیل و گیس کی رائلٹی کی ادائیگی کے حوالے سے سفارشات مرتب کرے گی۔ کمیٹی کی سربراہی وفاقی سیکرٹری خزانہ کریں گے جبکہ دیگر ممبران میں وفاقی سیکرٹری منصوبہ بندی، وفاقی سیکرٹری آبی وسائل اور وفاقی سیکرٹری پیٹرولیم شامل ہوں گے۔وزیراعظم نے خیبر میڈیکل کالج پشاور اور ایوب میڈیکل کالج ایبٹ آباد کو یونیورسٹی کا درجہ دینے کا کام تیز کرنے کی بھی ہدایت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ نگران حکومت نے پچھلے چار مہینوں میں ہر شعبے میں اصلاحات متعارف کروائی ہیں جن کا فائدہ ملک و قوم اور آئندہ آنے والی منتخب حکومت کو ہو گا۔اجلاس میں نگران وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر، نگران وفاقی وزیر توانائی محمد علی، نگران وفاقی وزیر قانون و آبی وسائل احمد عرفان اسلم، نگران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا جسٹس ریٹائرڈ ارشد حسین شاہ، نگران صوبائی وزیر خزانہ احمد رسول بنگش، نگران صوبائی وزیر برائے نئے ضم شدہ اضلاع عامر عبداللہ، چئیر مین ایف بی آر، چئیر مین واپڈا اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔
Load/Hide Comments



