کراچی(آن لائن) بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا یوم پیدائش(پیر) کو ملک بھر میں منایا گیا، مرکزی تقریب کراچی میں بانی پاکستان کے مزار پر ہوئی، پاکستان ملٹری اکیڈمی(کاکول) کے چاق چوبند دستے نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔قائداعظم کے یوم پیدائش پر کراچی سمیت ملک بھر میں خصوصی تقریبات منعقد کی گئیں۔ بانی پاکستان کے یوم پیدائش پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب مزار قائد پر منعقدہوئی۔پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول کے چاق و چوبند دستے نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے، پہلے پاک فضائیہ کے جوان مزار قائد پر گارڈز کے فرائض انجام دے رہے تھے۔بابائے قوم کے یوم پیدائش کے موقع پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری، نگراں وزیراعلی سندھ جسٹس مقبول باقر صوبائی کابینہ کے ارکان سمیت دیگر اعلی سول فوجی حکام اور اہم شخصیات نے مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ ان شخصیات نے قائد اعظم کی خدمات پر ان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ ملک بھر میں جاری تقریبات میں قائد اعظم محمد علی جناح کوبرصغیر کے مسلمانوں کے لیے آزاد اور خود مختار پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کے لیے ان کی جدوجہد پر شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا گیا.
Load/Hide Comments



