مہذب دنیا جو پانی اپنے جانوروں کو نہیں پلاتی وہ پانی اِس صوبے کے لوگ خرید کر پینے پر مجبور ہیں، مصطفٰی کمال

کراچی(آن لائن)این اے244 پی ایس117 سرجانی ٹاؤن سیف المری گوٹھ میں مختلف برادریوں کی جانب سے متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر ڈپٹی کنوینر سید مصطفیٰ کمال کے اعزاز میں تعارفی پروگرام کا انعقاد کیا گیا، تقریب کا آغاز قرآن مجید کی تلاوت سے کیا گیا، پرجوش استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے سید مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں جبکہ گزشتہ پندرہ برسوں سے ایک تعصب پسند جماعت اس صوبے پر قابض ہے ایم کیو ایم پاکستان پر عوام کا اعتماد کا اظہار کرنا خوش آئند ہے، جتنے جبر کا سامنا ایم کیو ایم نے کیا ہے اسکا عشر عشیر بھی کسی سیاسی جماعت پر نہیں گزرا، چالیس برسوں سے دی گئی قربانیوں کی وجہ سے آج مہاجر سمیت تمام قومیتیں ایم کیو ایم کے پرچم تلے متحد ہو رہے ہیں ایم کیو ایم صرف شہری ہی نہیں اب تمام گاؤں گوٹھوں کی جماعت بن کر ابھر رہی ہے متحد منظم متحرک ایم کیو ایم کو کامیاب ہوتا دیکھ مخالفین سازشی ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں، سیّد مصطفٰی کمال نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی بدعنوان متعصب سوچ نے اس شہر میں بھائی کو بھائی سے لڑوایا کراچی سے بائیس ہزار ارب روپے بٹور کے پورے کا پورا شہر اجاڑ دیا گیا بدترین طرز حکمرانی کی ایسی مثالیں قائم کی گئیں کہ تاریخ میں ایسا کوئی دور نہیں آیا، سندھ کی عوام بوند بوند پانی کے لیئے ترس رہے ہیں اور بلاول بھٹو نیا لاڈلا بننے کے لئے مْلک کے طول و عرض میں چکر لگا رہے ہیں مہذب دْنیا جو پانی اپنے جانوروں کو نہیں پلاتی وہ پانی اِس صوبے کے لوگ خرید کر پینے پر مجبور ہیں پینے کے پانی کی عدم دستیابی سے خواتین کوسوں دور سے اپنے سروں پر رکھ کر پانی لاکر اپنے بچوں کو پلاتی ہیں، اْن کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم خالصتاً عوامی جماعت ہے جو اپنے لوگوں کے درمیان موجود رہتی ہے ایم کیو ایم کو ایک بار سندھ کی حکومت ملی تو لاڑکانہ سے بھی پیپلز پارٹی کی ضمانت ضبط کروا دیں گے، سمندر میں موجود جزیروں پر ایم کیو ایم کے ناظم نے پینے کے پانی لائنیں پہنچائی ہیں، مختلف علاقوں کو آپس میں جوڑنے کے لئے راستے تعمیر کیئے گئے عوام گواہ ہیں کہ اس شہر میں بلا رنگ، نسل، زبان، مذہب و فرقے کی تفریق کے ترقیاتی کام انجام دیئے گئے، ایم کیو ایم کے دور نظامت میں ہوئے کاموں کی بدولت آج بھی یہ شہر پورے ملک کو چلا رہا ہے، ہم پورے پاکستان کو یہ باور کرواتے ہیں کے ایم کیو ایم کو موقع دیں ہم پاکستان میں اسی ترقی کے سفر کو دوبارہ شروع کریں گے جو 2010ء تک کراچی میں جاری تھا ایم کیو ایم پاکستان اقتدار کی نہیں نسلوں کی بقاء کی جد و جہد کر رہی ہے، تقریب میں مری، یوسف زئی خان، خاصخیلی، بروہی، لاشاری، بگٹی، پہنور، اور مسیحی برادری کے اکابرین اور اہل علاقہ نے بھرپور تعداد میں شرکت کی، تحریک انصاف اور مسلم لیگ فنکشنل کے علاقائی ذمہ داران و کارکنان نے بڑی تعداد میں شمولیت کا اعلان کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے شانہ بشانہ چلنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا، اِس موقع پر اراکینِ رابطکمیٹی، جوائنٹ انچارج سی او سی و اراکین، سرجانی ٹاؤن و یوسیز کے زمہ داران و کارکنان بھی موجود تھے۔