لوگ شیرکوووٹ دیں گے‘ میاں نواز شریف قوم کی امیدہے‘چوہدری عابد شیرعلی

جڑانوالہ (آن لائن)پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنماوسابق وزیرمملکت پانی و بجلی مسلم لیگ (ن) این اے 102 کے امیدوار چوہدری عابد شیرعلی نے کہاہے کہ ملک دشمن جماعت کوعوام کومزیدبے وقوف نہیں بنانے دیں گے۔قوم بخوبی جانتی ہے کہ نومئی والے اور28مئی والوں کی کارکردگی کیاہے اوراللہ کے فضل سے کارکردگی کی بنیادپرہی لوگ شیرکوووٹ دیں گے‘ میاں نواز شریف قوم کی امیدہے‘ میاں نواز شریف کی وطن واپسی کے بعد ملکی سیاست میں نئے عہد کا آغاز ہوا ہے اور مایوس عوام کے دلوں میں امید کی کرن روشن ہوئی ہے‘ 8 فروری کو پوری تیاری کے ساتھ الیکشن میں جائیں گے اور پنجاب سمیت پورے پاکستان میں کلین سویپ کریں گے تفصیلات کے مطابق‘ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق ڈپٹی میئر ملک اکبر غوری کی رہائش گاہ پر اپنے مرکزی آفس کی افتتاحی تقریب کے شرکاء سے خطاب میں کیا‘ اس موقع پر سابق چیئرمینز چوہدری منظور نمبردار‘ شرافت خان خٹک‘ ملک آصف‘ میاں آصف‘ باؤ جٹ‘ ڈاکٹر فضل قدیر‘ رانا الیاس‘ چوہدری لیاقت کمبوہ‘ وسیم بٹ‘ تنویر حسین تارڑ‘ شفیق انصاری‘ خالد گلزار‘ ملک عامر اسلم‘ افضل ڈوگر‘ ملک شہزاد‘ راؤ ظہیر‘ ندیم مغل‘ عبدالنبی قمر‘ ابوبکر مصطفی‘ بھولا پیر‘ عابد علی ادریسی‘ شیخ عرفان‘ اویس انصاری‘ صابر مغل کے علاوہ لیگی کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی‘ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں مسلم لیگ ن ملک گیر کامیابی حاصل کرے گی،اور میاں نواز شریف چوتھی مرتبہ وزیر اعظم بن کر ملک کو بحرانوں سے نکالیں گے،مہنگائی کی چکی میں پسنے والے عوام کو ریلیف دینگے، انتخابات میں مسلم لیگ ن کی جیت مہنگائی کے ستائے عوام کی جیت ہوگی۔پاکستان کی معاشی ترقی مسلم لیگ ن کااولین ایجنڈا ہے،عوام کو مہنگائی سے اسی طرح نجات دلائیں گے جس طرح میاں نوازشریف نے لوڈشیڈنگ سے نجات دلائی تھی،جس طرح دہشت گردی اور بد امنی ختم کی تھی، نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کی ترقی کا سنہرا دور شروع ہو گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میزبان سابق ڈپٹی میئر ملک اکبر غوری اور سابق چیئرمینز نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہم چوہدری عابد شیرعلی کی انتخابی کمپین خود چلائیں گے اور گھر گھر جا کر عوام کو میاں محمد نواز شریف پیغام پہنچائیں گے‘ ہم اپنی اپنی یونین کونسلوں میں سخت محنت کریں گے اور انشاء اللہ اچھے نتائج حاصل ہوں گے‘ انہوں نے کہا کہ عوام کھوکھلے نعروں میں نہیں آئے گی اور میاں محمد نواز شریف کے شیروں کو کامیاب کروائے گی تاکہ ارض وطن میں خوشحالیوں اور ترقیوں کا نیا دور شروع ہو‘ یہ صرف اسی وقت ممکن ہو گا جب میاں محمد نواز شریف ملک کے چوتھی مرتبہ وزیراعظم بنیں گے.