فیصل آباد(آن لائن)سابق وفاقی وزیر داخلہ، مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر،امیدوار برائے ایم این اے حلقہ 100رانا ثنا ء اللہ خاں نے کہا ہے کہ محمدنواز شریف ملک کے چوتھی بار وزیراعظم منتخب ہوکر ملک سے مہنگائی بے روزگاری کا خاتمہ کریں گے، تفصیل کے مطا بق رانا ثناء اللہ نے 8فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے سلسلہ میں الیکشن مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے اس سلسلہ میں انہوں نے یونین کونسل 162ٹھیکری والا میں اپنے پہلے انتخابی دفتر کا افتتاح کر دیا ہے۔امیدوار برائے ایم پی اے میاں اجمل آصف،مسلم لیگی رہنما رانا ذکر اللہ خاں، میاں زاہد سرفراز،عامر رفیق گجر، رانا عارف خاں،ملک یاسین،ملک شمشاد،رانا حماد اور دیگر معززین علاقہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔رانا ثنا اللہ خاں نے کہا کہ جس طرح معزز عدالتوں سے میاں نواز شریف بری ہورہے ہیں اس سے ثابت ہوتا ہے ان پر جتنے مقدمات بناگئے تھے وہ من گھڑت اور جھوٹ پر مبنی تھے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں پاکستان ترقی کی منازل طے کررہا تھا سی پیک کے منصوبے پرتیزی سے کام جاری تھا۔مہنگائی کی شرح میں کمی واقع ہورہی تھی۔ لوڈشیڈنگ ختم ہو چکی تھی۔ انہوں نے کہا کہ میاں محمدنواز شریف ملک کے چوتھی بار وزیراعظم منتخب ہوکر ملک سے مہنگائی بے روزگاری کا خاتمہ کریں گے۔ ن لیگ نے انتقامی نہیں بلکہ ہمیشہ مفاہمت کی سیاست کی ہے۔ اس موقع پر ن لیگ کے سابق ایم پی اے میاں اجمل آصف نے کہا کہ آج بھی ن لیگ ملک پاکستان کی سب سیبڑی سیاسی جماعت ہے ٹھیکری والا میں جتنے بھی ترقیاتی کام ہوئے ہیں وہ ن لیگ کے دور حکومت میں ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کارکنان اپنی تیاریاں کر لیں اب سیاسی سر گرمیاں عروج پکڑیں گی اور ہم نے اپنی قیادت کے شانہ بشانہ چلنا ہے۔انہوں نے کہا کہ کارکنان ہمارے سروں کے تاج ہیں، مسلم لیگ ن کی کامیابی اصل میں کارکنان کی ہی کامیابی ہے، ہم نے قیادت کے پیغام اور جماعت کے منشور کو گھر گھر تک پہنچاناہے۔میاں زاہد سرفراز،رانا ذکر اللہ خاں نے کہا کہ انشا ء اللہ تعالیٰ رانا ثنا ء اللہ خاں اور میاں محمد اجمل آصف کو بھاری اکثریت سے کامیاب کروائیں گے۔8فروری کا سورج مسلم لیگ ن کی پورے ملک میں کامیابی کی نوید لے کر طلوع ہو گا۔رانا ثنا ء اللہ خاں نے علاقہ میں بہترین انتخابی دفتر بنانے پر میاں زاہد سرفراز اور رانا ذکر اللہ خاں کا شکریہ ادا کیا۔
Load/Hide Comments



