پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات کیخلاف الیکشن کمیشن میں سماعت،بیرسٹرگوہر نے رپورٹس جمع کرا دیں

اسلام آباد(آن لائن)الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات کیخلاف کیس میں بیرسٹر علی ظفر نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ غیرممبر کیعلاوہ کوئی بھی آپ کے پاس نہیں آیا،ہم واحد پارٹی ہیں جن کا سب کچھ انٹرنیٹ پر موجود ہے،چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ اب تو جلسے بھی انٹرنیٹ پر ہو رہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات کیخلاف الیکشن کمیشن میں سماعت ہوئی،چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیرصدارت 5رکنی بنچ نے سماعت کی۔پی ٹی آئی کے بیرسٹر علی ظفر نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ انتخابی نشان نہ دینے کے سنگین نتائج ہیں سیاسی جماعت کی رجسٹریشن پر سوال ہے،ممبر کے پی نے کہاکہ ہم جب مطمئن ہونگے تب ہی سرٹیفکیٹ جاری کر سکتے ہیں۔وکیل پی ٹی آئی نے کہاکہ انٹراپارٹی انتخابات کی تاریخ 28نومبر کو میڈیا میں دی گئی،کہا گیا ہم ڈر رہے تھے اور چھپا کر انتخابات کروا رہے تھے،میں نے خود پریس کانفرنس کی اور بتایا انتخابات اسی ہفتے کو کرانے جارہے ہیں،انتخابات کا شیڈول ہم نے ہر دفتر کے باہر چسپاں کیا،ممبر کے پی نے کہاکہ پورے پاکستان کے انتخابات صرف پشاور میں ہوئے۔علی ظفر نے کہاکہ ہر جماعت کا یہی ہوتا ہے یہ عام انتخابات نہیں، انٹراپارٹی ہیں جو ایک جگہ ہوتے ہیں،ایسا تاثر دینے کی کوشش کی گئی کہ ہم چھپ کر الیکشن کررہے ہیں۔بیرسٹر علی ظفر نے انٹراپارٹی انتخابات سے متعلق میڈیا رپورٹس جمع کر ادیئے،بیرسٹر علی ظفر نے کہاکہ ہم نے شیڈول مختلف دفاتر کے باہر چسپاں کر دیئے،ممبر کمیشن نے استفسار کیا کہ آپ نے پورے پاکستان کے الیکشن پشاور میں کر دیئے۔بیرسٹر علی ظفر نے کہاکہ جی بالکل! ساری پارٹیاں ایک ہی جگہ پر الیکشن کراتی ہیں،ہم نے الیکشن کمیشن کو سکیورٹی کیلئے خط بھی لکھا،آئی جی پولیس اور چیف سیکرٹری سے بھی بات ہوئی،کاغذات نامزدگی سے متعلق بھی خبریں رپورٹ ہوئیں،ممبر کمیشن نے کہاکہ آپ کے پاس کاغذات نامزدگی کا کوئی نمونہ ہے،آپ کے پاس کاغذات نامزدگی سے متعلق نوٹس کی کوئی کاپی ہے،آپ ہماری تسلی کیلئے کوئی کاپی دکھائیں،چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہاکہ جی بالکل ہے لیکن یہاں نہیں لائے۔بیرسٹر علی ظفر نے کہاکہ جب سکروٹنی مکمل ہوئی تو ہمیں پتہ چلا کہ یہ بلامقابلہ ہے،بلامقابلہ کے باوجود ہم نے سب کو جمع ہونے کی اجازت دی،الیکٹوریٹ باڈی میں سے کسی نے بھی الیکشن سے متعلق شکایت نہیں کی،غیرممبر کے علاوہ کوئی بھی آپ کے پاس نہیں آیا،ہم واحد پارٹی ہیں جن کا سب کچھ انٹرنیٹ پر موجود ہے،چیف الیکشن کمشنر نے کہاکہ اب تو جلسے بھی انٹرنیٹ پر ہو رہے ہیں ان ریمارکس پر قہقے لگ گئے۔