آرمی چیف جنرل عاصم منیر کا اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹر کا دورہ

نیویارک راولپنڈی (آن لائن) آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں امن اس وقت تک خواب رہے گا جب تک کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق پرامن حل تلاش نہیں کیا جاتا، مسئلہ فلسطین کا پائیدار حل دو ریاستی حل میں مضمر ہے، جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کی یکطرفہ اور غیر قانونی بھارتی کوشش سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی اّر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر جو کہ امریکہ کے دورہ پر ہیں انہوں نے اقوامِ متحدہ کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا،ہیڈکوارٹر پہنچنے پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے آرمی چیف کا انتہائی گرم جوشی سے استقبال کیا، آرمی چیف نے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات کی،عالمی امن اور استحکام کے لیے سیکرٹری جنرل نے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کوششوں کو سراہا،انتونیو گوتریس نے اقوام متحدہ امن مشنز میں پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دستوں کے تعاون کو سراہا جو دنیا کے امن و استحکام کے لیے پرعزم ہیں۔ آرمی چیف نے اقوام متحدہ کی تمام سنجیدہ کوششوں میں پاکستان کی مسلسل حمایت کی تصدیق کی جبکہ آرمی چیف کی جانب سے اقوام متحدہ کو تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی گئی۔آرمی چیف نے گفتگو میں خاص طور پر کشمیر اور غزہ کے جاری مسائل پر روشنی ڈالی۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے مسئلہ فلسطین پر پاکستان کے موقف کا اعادہ کیا، آرمی چیف نے معصوم شہریوں کی حالت زار پر گہری تشویش کا اظہار کیا جنہیں بے دردی سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ غزہ میں خاطر خواہ انسانی امداد فراہم نہیں کی جا رہی ہے۔ اقوام متحدہ غزہ میں مخاصمت کے فوری خاتمے کے لیے عالمی برادری کو متحرک کرے تاکہ انسانی المیے کو رونما ہونے سے روکا جا سکے۔ مسئلہ فلسطین کا پائیدار حل دو ریاستی حل میں مضمر ہے۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہیے، جنوبی ایشیا میں امن اس وقت تک خواب رہے گا جب تک کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق پرامن حل تلاش نہیں کیا جاتا۔آرمی چیف نے جموں و کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کی یکطرفہ اور غیر قانونی بھارتی کوششوں کی مذمت کی اور کہا کہ یکطرفہ اور غیر قانونی بھارتی کوشش سلامتی کونسل کی قراردادوں کی خلاف ورزی ہے۔ اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے تحفظات کو تسلیم کیا اور جنرل عاصم منیر کا اقوام متحدہ کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔