اسلام آباد (آن لائن)وزیر اعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی،اسلامی ممالک ومشرق وسطی وچیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہرمحمود اشرفی نے حج آپریٹو ایسوسی ایشن آف پاکستان (ہوپ) کے نمائندوں حافظ محمد طارق، محمد امجد کیانی، اخلاق احمد خان، سردار ساجد،حافظ جمال اور ثنا اللہ کے ہمراہ اسلام آبادمیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کی خصوصی ہدائت پر وزارت مذہبی امور نے بروقت انتظامات شروع کئے،وزیراعظم پاکستان اور آرمی چیف کی خصوصی کاوشوں کی بدولت حج کے معاملات میں بہتری آئی ہے۔ وزیر اعظم اور آرمی چیف کی کوششوں سے 52روپے تک ڈالر سستا ہوا ہے جس کا فائدہ حجاج کرام کو بھی ہوا،ڈالر کم ہونے سے ایک لاکھ روپے سرکاری سکیم کا حج سستا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس سال ایسے انتظامات کئے جارہے ہیں جس سے سرکاری و پرائیویٹ سکیم میں کوئی کرپشن نہیں ہوگی۔انہوں نے کہاکہ سرکاری اور نجی سکیم کی مانیٹرنگ کی جائے گی،پرائیویٹ سطح پر بھی ہوپ رواں سال حج عازمین کے مسائل کو لے کر ایک شکایت سیل بنائے گی۔ انہوں نے کہاکہ پانچ سو افراد پر مشتمل ایک کمپنی پرائیویٹ حج کرائے گی،حکومت کی خصوصی کاوش سے حج کوٹہ زیادہ سے زیادہ کمپنیوں میں شیئرز ممکن ہوسکا۔طاہر اشرفی نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ڈالر کی قدر میں کمی پرپرائیویٹ سطح پر بھی حج پیکج میں کمی کی جاسکے،پاکستان اور باقی دنیا میں حج کے انتظامات بہت بروقت شروع کردیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حج آپریٹو ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے حکومتی حج پیکیج اور حجاج کی سہولت کے لئے پالیسیوں کو سراہا اور حاس سلسلے میں اپنا ہر ممکن تعاون اور آسانیاں فراہم کرنے کا یقین دلایا۔پاکستان علما کونسل طاہر اشرفی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے،وہ تنہا نہیں ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہندوستان اپنی وحشت برقرار رکھنے کے لیے کشمیر میں ظلم بڑھائے گا۔ او آئی سی، اسلامی ممالک کشمیر اور فلسطین کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جمعرات کو لاہور اور جمعہ کو اسلام آباد میں کشمیریوں، فلسطین کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر کے بارے میں بھارتی عدالت کا فیصلہ ظالمانہ ہے۔بھارتی عدالت کے فیصلے سے کبھی کشمیری بھارت کا حصہ نہیں بن سکتے۔بھارت اپنے عدالتی فیصلے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں اسرائیل کی طرز پر قتل عام کا ارادہ رکھتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں طاہر اشرفی نے کہا کہ ہم مقبوضہ کشمیر کی حیثیت بارے ہر عالمی فورم پر جائیں گے،دنیا بھارت کی سفاکیت کو اسرائیلی سفاکیت کے تناظر میں دیکھے۔انہوں نے کہا کہ نومئی کے واقعہ اور فوجی عدالتوں بارے ابہام پھیلانے کی کوشش کی جارہی ہے،کسی کو فوجی عدالتوں یانو مئی کے حوالے سے ابہام پھیلانے کی اجازت نہیں دی جائے گی.
Load/Hide Comments



