لاہور (آن لائن) ہمسایہ ملک بھارت سے 98 ہندو یاتری واہگہ چیک پوسٹ کے راستے پاکستان پہنچ گئے۔ ایڈیشنل سیکرٹری شیرائنز رانا شاہد سلیم نے ہندو یاتریوں کا استقبال کیا۔ ڈپٹی سیکرٹری جنرل متروکہ وقف املاک بورڈ امجد الطاف و دیگر بھی استقبال کرنے والوں میں شامل تھے۔ ہندو یاتری ”شادانی دربار، حیات پتافی، سکھر، میرپور ماتھیلو“ میں منعقد ہونے والی”شیو اوتاری ست گورو سنت سوامی شادارام“ کے 315ویں جنم دن تقریبات میں شرکت کریں گے۔ 3 روزہ جنم دن تقریبات کل 13 دسمبر سے شروع ہو کر 15 دسمبر تک جاری رہیں گی۔ سنت شادانی یودھشٹر لال کی قیادت میں 12یوم کے لئے آج منگل کو پاکستان پہنچنے والے بھارتی شہریوں کو کسٹمز اور امیگریشن سے فراغت کے بعد پر تکلف ویج کھانا دیا گیا۔ ہندو یاتریوں کو خصوصی بسوں کے ذریعے مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے براہ راست حیات پتافی میں موجود شادانی دربار روانہ کر دیا گیا۔ 13 دسمبر سے 15 دسمبر تک ہونے والی مرکزی تقریب میں ایڈیشنل سیکرٹری شیرائنز رانا شاہد سلیم، ڈپٹی سیکرٹری شیرائنز امجد الطاف، پاکستان ہندو مندر مینجمنٹ کمیٹی کے ذمہ داران بھی شریک ہوں گے۔ متروکہ وقف املاک بورڈ حکام نے تقریب کے انتظامات کو فول پروف اور بہتر انداز میں منعقد کرنے کی غرض سے پنجاب، سندھ کے صوبائی سیکورٹی اداروں کے ساتھ ساتھ وفاقی اداروں کوآن بورڈ لے کر انتظامات کو حتمی شکل دی ہے۔ پاکستان اور بھارت کے مابین طے شدہ پروٹوکول کے تحت ”شادانی دربار“ یاترا کے لئے 400ہندو یاتریوں کو پاکستانی کی جانب سے ویزے جاری کئے جا سکتے ہیں۔ رواں برس جن ہندو شہریوں نے پاکستان یاترا کے لئے طے شدہ پراسس کے مطابق اپنے پاسپورٹس ویزہ کے حصول کے لئے جمع کروائے پاکستان ہائی کمشن نئی دہلی نے کے 130 کے قریب ہندو یاتریوں کو ویزے جاری کئے گئے ہیں۔ پاکستان آنے والے ہندو یاتری مرکزی تقریب میں شرکت کے بعد ایک روز کے لئے16دسمبر ہفتہ کو ماتھیلو جائیں گے۔ سہہ پہر 3بجے سے شام6بجے تک منعقد ہونے وال پوجا میں شریک ہوں گے، اور رات وہیں مندر ماتھیلو میں قیام کریں گے۔ ہندو یاتری17دسمبراتوار کو خان پور مہر پہنچیں گے۔لنچ کا اہتمام گھوٹکی میں کیا گیا ہے۔ جس کے بعدعادل پور میں اپنے اعزاز میں منعقدہ چائے پارٹی میں شریک ہوں گے۔ اسی روزسہ پہر 4بجے سے 6بجے تک عادلپور میں خصوصی پوجا میں شریک ہوں گے اور رات وہیں قیام کریں گے۔ 18 دسمبر سوموار کو دھڑکی جائیں گے، رات وہیں قیام کریں گے۔19 دسمبر منگل کو سکھر روانہ ہوں گے،سادھو بیلہ کے مندروں کی یاترا کریں گے، رات جندا پیرمیں قیام کریں گے۔ اس دوران پنوں عاقل، روہڑی کے مندروں کی یاترا کے علاوہ مذہبی رسومات بھی ادا کریں گے۔ ہندو یاتری 20دسمبر بدھ کو میر پور ماتھیلو پہنچیں گے،جہاں رات کو ان کا قیام سنت شادانی ٹمپل میں ہو گا۔ یاتری 21 دسمبر 2023 جمعرات کو چندو رام کالونی،چندو رام دربار اور اس سے ملحقہ مارکیٹ کا دورہ کریں گے۔ ہندو یاتری 22 دسمبر جمعتہ المبارک کی شام کو ہندو یاتری سکھر سے گورودوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب پہنچیں اور وہیں قیام کریں گے۔ 23 دسمبر ہفتہ کی صبح ہندو یاتری براہ راست واپس واہگہ چیک پوسٹ پہنچیں گے اور بھارت چلے جائیں گے۔ ایڈیشنل سیکرٹری شیرائنز رانا شاہد سلیم نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے ہندو یاتریوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ پاکستانی آئین میں اقلیتوں کے حقوق کا ترین روز اول سے ہی کر دیا گیا۔ پاکستان بھر میں بسنے والے ہندو،سکھ،بہائی، پارسی سبھی خوشحال زندگی گذار رہے ہیں۔ شادمانی دربار، حیات پتافی، سادھو بیلہ میں موجود آپ کے مذہبی استھانوں کی بہتر دیکھ بھال کے لئے خصوصی طور پر فنڈز خرچ کئے گئے ہیں۔ بہت سے ترقیاتی منصوبے پایہ تکمیل کو پہنچ چکے، اور کئی منصوبے زیر تکمیل ہیں۔ ہندو یاتریوں کے جتھے کے پردھان یودھشٹر لال نے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ بہترین سواگت اور بہترین انتظامات پر متروکہ وقف املاک بورڈ حکام کے مشکور ہیں۔ ہر سال مذہبی رسومات کی ادائیگی کے لئے پاکستان آتے ہیں، ہر سال پہلے سے زیادہ تعظیم ملتی ہے۔ پاکستان میں موجود اپنے قدیم مندروں کی بہتر دیکھ بھال پر رانا شاہد سلیم، ان کی ٹیم اور متروکہ وقف املاک بورڈ حکام کے شکر گذار ہیں.
Load/Hide Comments



