بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی حکومت میں جھوٹے کیس بنائے گئے، معاملہ اللہ کے سپرد کرتا ہوں،حمزہ شہباز

لاہور(آن لائن)احتساب عدالت لاہور نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں پراسیکیوشن سے ریکارڈ طلب کرلیا۔تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت لاہور میں رمضان شوگر ملز ریفرنس پر سماعت ہوئی،حمزہ شہباز اور شہبازشریف کے نمائندے انوارحسین عدالت پیش ہوئے۔عدالت نے استفسار کیا کہ شہبازشریف کہاں ہیں؟وکلا شہبازشریف نے کہاکہ شہباز شریف کے پلیڈر عدالت میں موجود ہیں،عدالت نے استفسار کیا کہ ابھی یہ کیس کس سٹیج پر ہے۔نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ عدالت میں حاضری مکمل ہونے کے بعد کیس دوبارہ پرانے سٹیٹس پر جائے گا،عدالت نے پراسیکیوشن سے ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت 12جنوری تک ملتوی کردی۔پیشی کے بعد حمزہ شہباز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدالت سے سرخروبھی ہوئے اور بانی چیئرمین پی ٹی آئی کی حکومت میں جھوٹے کیس بنائے گئے، پی ٹی آئی حکومت کی دوران بھی ایف آئی اے نے کہا کہ ہمارے پا س کو ہی ٹھوس ثبوت نہیں میں اور شہباز شریف بری ہوئے۔انہوں نے کہا کہ آج نواز شریف بھی با عزت بری ہورہے ہیں، جھوٹے کیس بنا کر قومی خزانے کو نقصان پہنچایاگیا اور قوم سے جھوٹ بولا گیا، جن لوگوں نے جھوٹے کیس بنائے وہ بھی آج کٹہرے میں ہیں۔حمزہ شہبازکاکہنا تھا کہ اس ملک کا وقت قیمتی ہے اور عوام کا وقت قیمتی ہے، ہم سب کو مل کر لوگوں کے مستقبل کے حوالے سے جامع حکمت عملی اپنانی چاہیے، میں سیاسی کارکن ہوں میری امید اور دعا ہے کہ الیکشن وقت پر ہونے چاہیے، میں جھوٹے کیس بنانے والوں کو اللہ کے حوالے کرتا ہوں، لیول پل ہینگ فیلڈ انتخابات کے فئیر اینڈ فری ہونے کے لئے ضروری ہے جب الیکشن ہوں گے تب سب کو نظر آئے گا۔